پی سی بی کا حفیظ اور عمر اکمل کو نوٹس

،تصویر کا ذریعہOther
پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ اور عمر اکمل کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز میں ان سے ان کے بیانات کی وضاحت طلب کی ہے۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ نے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر انہیں کپتانی دی گئی تو وہ اسے اپنے لیے اعزاز سمجھیں گے۔
عمراکمل کا وہ بیان جس میں انہوں نے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کی خواہش ظاہر کی تھی انہیں نوٹس دینے کی وجہ بنا ہے۔
کراچی سے ہمارے نامہ نگار عبدالرشید شکور نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کے انٹرویوز کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اس سے قبل شاہد آفریدی اور سلیکٹر محمد الیاس کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے تھے۔
شاہد آفریدی پنتالیس لاکھ روپے جرمانے کے بعد این او سی حاصل کرکے انگلینڈ روانہ ہوچکے ہیں جہاں وہ انگلش کاؤنٹی ہمپشائر کی نمائندگی کریں گے۔
محمد الیاس کو شوکاز نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دیے جانے پر معطل کیا جاچکا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر کو بھی خواتین کوچ کی تقرری کے بارے میں بیان دینے پر وارننگ دے چکا ہے۔



