’پاک، بھارت کرکٹ سیریز ضروری‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کھیلی جائے۔
انہوں نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں کرکٹ کی بہتری کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سیریز ہونی چاہیے
وقار یونس کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ سے یہ ثابت ہوا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے میچز میں لوگوں کا جوش و خروش اور دلچسپی اپنے عروج پر ہوتی ہے۔
نامہ نگار مناء رانا کے مطابق دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لگائے جانے والےدو روزہ کیمپ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا ”ویسٹ انڈیز کا دورہ آسان نہیں ہو گا کیونکہ اپنی سرزمین پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہمیشہ ایک مشکل ٹیم ثابت ہوئی ہے۔ اور ہماری کوشش ہوگی کہ ہم اس سیریز کو جیتیں اور جو کوتاہیاں ورلڈ کپ میں یا اس سے پہلے ہوئیں وہ دہرائیں نہ جائیں۔‘
وقار یونس نے کہا کہ اس دورے میں نئےکھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔
وقار یونس نے بیٹنگ کو پاکستان کی ٹیم کی اصل خامی قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بالنگ کافی بہتر ہے تاہم بلے بازوں کو زیادہ رنز بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ ہماری بیٹنگ پر ہی ہمیشہ سوالیہ نشان لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاوید میاں دادکی جانب سے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی پیشکش مسترد کرنے کے بعد کسی اور بیٹنگ کوچ کی خدمات لینے پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔
وکٹ کیپر کامران اکمل کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماضی میں پاکستان کے لیے بہت اچھی وکٹ کیپنگ ہے لیکن کبھی کسی کھلاڑی پر برا وقت بھی آ جاتا ہے اور ورلڈ کپ میں وہ اچھی کیپنگ نہیں کر سکے اسی لیے انہیں آرام دیا گیا۔
وقار یونس کے مطابق محمد سلمان ایک با صلاحیت وکٹ کیپر ہیں اور امید ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔



