’کارکردگی کے لیے قسمت بھی ضروری‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پالیکلے

پاکستانی اوپنرمحمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے تین میچوں میں سکور نہ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ ان میں اعتماد کی کمی ہے بات صرف قسمت کی ہے۔

واضح رہے کہ دونوں اوپنرز محمد حفیظ اور احمد شہزاد اب تک ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہیں کرسکے ہیں۔

کینیا کے خلاف حفیظ نو اور شہزاد ایک رن بناسکے جبکہ پہلی وکٹ گیارہ رنز پر گری۔

سری لنکا کے خلاف دونوں نے اٹھائیس رنز کا آغاز دیا اس میچ میں حفیظ نے بتیس اور شہزاد نے تیرہ رنز بنائے۔

کینیڈا کے خلاف حفیظ گیارہ اور شہزاد بارہ رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور پہلی وکٹ کی شراکت محض سولہ رنز کی رہی۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ انہیں احساس ہے کہ تینوں میچوں میں اوپنرز اچھا اسٹارٹ ٹیم کو نہیں دے سکے ہیں جبکہ مڈل آرڈر بیٹسمین رنز کررہے ہیں۔ اعتماد موجود ہے لیکن قسمت ساتھ نہیں دے رہی ہے۔کرکٹ میں کارکردگی کے لئے قسمت بھی بہت ضروری ہے۔ بدقسمتی سے ایک میچ میں وہ رن آؤٹ ہوگئےایک میں فیصلہ ان کے خلاف گیا تو یہ سب باتیں ساتھ ساتھ چلتی رہتی ہیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ گزشتہ سیریز میں انہوں نے احمد شہزاد کے ساتھ اچھی شراکتیں قائم کی تھیں لیکن یہاں انہیں صرف ایک اچھی شراکت کا انتظار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کی وکٹوں پر نئی گیند سوئنگ بھی ہورہی ہے اور موو بھی ہورہی ہے۔ وہ اپنے ساتھی اوپنر کے ساتھ پوری کوشش کررہے ہیں کہ ایک اچھی شراکت قائم کرسکیں۔

حفیظ نے کہا کہ بولنگ کی وجہ سے ان پر بیٹنگ کا کبھی بھی دباؤ نہیں رہا کیونکہ وہ بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بھرپور حصہ لیتے ہیں اور اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

حفیظ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز جیتنے سے ٹیم کے حوصلے بلند ہیں وہ ان کے بولرز کو کھیل کر آئے ہیں لہذا انہیں یقین ہے کہ اس میچ میں وہ اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہیں گے۔

حفیظ نے اپنی بیٹنگ میں تسلسل نہ ہونے کے بارے میں سوال پر کہا کہ انگلینڈ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کےخلاف آخری تینوں سیریز میں ان کی بیٹنگ میں مستقل مزاجی رہی ہے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ اس وقت وہ اپنے بارے میں کم بلکہ ٹیم کے بارے میں زیادہ سوچ رہے ہیں کیونکہ ہر ایک یہی چاہتا ہے کہ ہر میچ جیتا جائے اور جب ہر میچ جیتیں گے تو سب اچھا ہے۔