امریکہ کا نو سالہ شطرنج ماسٹر

امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ایک نو سالہ بچے نے امریکہ کے سب سے کم عمر شطرنج چیمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
سانتا کلارا کے رہائشی سیموئل سیوین ک یہ اعزاز سان فرانسسکو میں ہونے والے ایک مقابلے میں فتح کے بعد دیا گیا۔
امریکی شطرنج فیڈریشن نے سیموئل کو دو ہزار دو سو ایک پوائنٹس کی ریٹنگ دی جبکہ نیشنل ماسٹر بننے کے لیے کسی کھلاڑی کو دو ہزار دو سو پوائنٹس درکار ہوتے ہیں۔
سیموئل سے قبل سب سے کم عمر چیمپیئن کا اعزاز سان فرانسسکو کے نکولس نپ کے پاس تھا۔
یہ سیموئل کا پہلا ریکارڈ نہیں اور وہ آٹھ سال کی عمر میں امریکہ میں شطرنج کے ’ماہر‘ کا درجہ حاصل کرنے والے سب سے چھوٹے امریکی تھے۔
امریکی اخبار کے مطابق سیموئل روزانہ دن میں دو گھنٹے شطرنج کی تعلیم حاصل کرتا ہے اور اس دوران جہاں وہ اپنے والد سے مقابلہ کرتا ہے وہیں انٹرنیٹ پر اپنے کوچ سے تربیت بھی حاصل کرتا ہے۔
سیموئل کے کوچ میٹیکوزیان کا کہنا ہے کہ ’میں سیموئل سے تین سال قبل ملا تھا۔ جب میں نے اسے کھیلتے دیکھا تو میں حیران رہ گیا اور میں نے سوچا اس بچے میں خداداد صلاحیتیں ہیں‘۔



