واپسی کے خیال سے نروس ہوں:ٹائیگر ووڈز

گالف کی عالمی درجہ بندی میں سرِ فہرست کھلاڑی امریکہ کے ٹائیگر ووڈز کا کہنا ہے کہ گالف کے میدان پر واپسی کا خیال انہیں’ نروس‘ کر رہا ہے۔

ٹائیگر ووڈز نے اپنے معاشقوں کی تفصیل منظرِ عام پر آنے کے بعد کچھ عرصے کے لیےگالف مقابلوں سے علیحدگی اختیار کر لی تھی اور اب وہ پانچ ماہ بعد آٹھ آپریل کو آگسٹا ماسٹرز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

کھیل میں واپسی کے حوالے سے ٹی وی چینل ای ایس پی این کو ایک مختصر انٹرویو میں ٹائیگر ووڈز کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں جانتا۔ میں تھوڑا نروس ہوں اور اِدھر اُدھر سے تالیوں کی چند آوازیں سننا اچھا ہوگا‘۔

ٹائیگر ووڈز کا کہنا تھا کہ ’میں بہت سی ایسی چیزیں کر رہا تھا جن سے بہت سے لوگوں کو تکلیف پہنچی ہے‘۔

ووڈز نے انٹرویو کے دوران اپنے معاشقوں پر کھل کر بات نہیں کی تاہم انہوں نے کہا کہ ’ ایک(معاشقہ) ہی کافی ہوتا ہے اور میرے معاملے میں ایسا نہ تھا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے رکنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔ وہ خوفناک اورگھٹیا تھا۔ میں نے صرف اپنی اہلیہ کو ہی نہیں بلکہ بہت سے لوگوں کو تکلیف دی ہے جن میں میرے دوست، میرے ساتھی، عوام اور وہ بچے شامل ہیں جو مجھے ایک ماڈل کی نظر سے دیکھتے ہیں‘۔

عالمی نمبر ایک کھلاڑی نے کہا کہ’بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کے نزدیک میں ایک مختلف انسان تھا لیکن میرے اعمال اس کے مطابق نہیں تھے۔ اسی لیے مجھے معذرت کرنی ہے۔ میں اپنے کیے پر بہت نادم ہوں‘۔

ٹائیگر ووڈز کا کہنا ہے کہ ’ری ہیب‘ کلینک میں علاج کروانا ان کے لیے ایک مشکل تجربہ تھا۔’ اپنے آپ کو ان حالات میں دیکھنا جن میں آپ خود کو نہیں دیکھنا چاہتے بہت تکلیف دہ تھا‘۔

چونتیس سالہ ووڈز نے آخری مرتبہ پندرہ نومبر سنہ 2009 کو آسٹریلین اوپن گالف مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ ان مقابلوں کے قریباً دو ہفتے بعد پہلے انہوں نے فلوریڈا میں اپنے گھر کے باہر کار کا حادثہ کیا جس کے نتیجے میں ان کی نجی زندگی کے بارے میں معلومات عام ہوئیں اور انہوں نے غیر معینہ مدت کے لیے گالف کے کھیل سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا۔

اس کے بعد رواں برس فروری میں وہ پہلی مرتبہ سامنے آئے اور انہوں نے اپنے اعمال پر معافی مانگی جبکہ گزشتہ ہفتے انہوں نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ماسٹرز مقابلوں سے اپنی واپسی کریں گے۔