سنوکر: صالح محمد افغانستان کے لیے کھیلیں گے

صالح محمد
،تصویر کا کیپشنصالح محمد سنوکر ریٹائر ہونے کا اعلان کرچکے ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

بین الاقوامی سنوکر میں ایک طویل عرصہ تک پاکستان کی نمائندگی کرنے والے صالح محمد25 ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ میں افغانستان کی طرف سے حصہ لے رہے ہیں جو چین میں ہفتے سے شروع ہو رہی ہے۔

پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن نے صالح محمد کے افغانستان کی طرف سے کھیلنے پر ایشین سنوکر فیڈریشن سے احتجاج کیا ہے۔

صالح محمد نے2006 کے دوحہ ایشین گیمز میں بھی افغانستان کی نمائندگی کی تھی جس پر ان کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی گئی تھی۔

پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صالح محمد کے افغانستان کی طرف سے کھیلنے پر احتجاج اس لیے کیا گیا ہے کہ انہوں نے ایشین گیمز میں افغانستان کی نمائندگی کرنے کے بعد پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن سے معافی مانگ لی تھی اور انہیں دوبارہ پاکستان سے کھیلنے کا موقع دیا گیا تھا لیکن گزشتہ سال اکتوبر میں انٹرنیشنل سنوکر کو خیرباد کہنے کے بعد اب وہ افغانستان سے کھیل رہے ہیں۔

عالمگیر شیخ نے کہا کہ ایشین سنوکر فیڈریشن کو ایک واضح پالیسی اختیار کرنی ہوگی تاکہ کوئی بھی کھلاڑی وقفے وقفے سے ملک تبدیل کر کے بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ نہ لے سکے اور کم ازکم ایک یا دو سال کا وقفہ مقرر کیا جائے۔

صالح محمد پاکستان کی طرف سے کھیلتے ہوئے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کا فائنل بھی کھیل چکے ہیں جبکہ وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہیں ایشین سنوکر مقابلوں میں سب سے زیادہ یعنی147 کا بریک کھیلنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔

غور طلب بات یہ ہے کہ پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے والے رفعت اللہ مہمند کو گزشتہ دنوں افغانستان نے ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا اور یہ جواز پیش کیا تھا کہ وہ افغانستان کے شہری ہیں اور ان کے پاس افغان پاسپورٹ ہے لیکن آئی سی سی نے اس پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے انہیں ورلڈ کپ کوالیفائر میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی تھی۔