راجر فیڈرر بیسواں گرینڈ سلیم جیت کر عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں

،تصویر کا ذریعہPA
سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نےکروشیا کے میرین کلچ کو آسٹریلین اوپن کے فائنل میں ہرا کر اپنے کیرئر کا بیسواں گرینڈ سلام جیت لیا۔ چھتیس سالہ راجر فیڈرر نے چھٹی بار آسٹریلن اوپن ٹائیٹل اپنے نام کیا ہے۔
آٹھ مرتبہ کے ومبلڈن چیمپیئن راجر فیڈر نے پہلا سیٹ باآسانی 2-6 سے جیت لیا لیکن مارین چلچ نے ایک سخت مقابلے کے بعد دوسرا سیٹ 6-7 سے جیت لیا۔ راجر فیڈرر نے 3-6 سے تیسرا سیٹ اپنے نام کر لیا اور چوتھے سیٹ میں برتری حاصل کر لی لیکن چلچ نے ہمت نہ ہاری اور 3-6 سے سیٹ جیت کر میچ برابر کر دیا۔
اس کے بعد شائقین میں سنسنی پیدا ہو گئی اور کئی کو شک ہوا کے عالمی نمبر دو میچ ہار جائیں گے لیکن راجر فیڈرر نے پانچویں اور آخری سیٹ میں مارین کلچ کو 1-6 سے ہرا کر چھٹی بار آسٹریلن اوپن ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
چھتیس سالہ فیڈرر آسٹریلین اوپن میں فتح کے ساتھ چوتھے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے بیس گرینڈ سلام ٹائیٹل جیتے ہیں۔ مارگریٹ کورٹ، سرینا ولیمز، اور سٹیفی گراف نے بیس بیس گرینڈ سلام ٹائیٹل جیت رکھے ہیں۔
میچ جیتنے کے بعد فیڈرر نے جذبات سے بھرائی ہوئی آواز میں کہا کہ بیسویں گرینڈ کی جیت سے ان کے خواب کی تعبیر ہوئی ہے۔
راجر فیڈرر نے گذشتہ پانچ گرینڈ سلیمز میں سے تین میں فتح حاصل کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
راچ فیڈرر نے گزشتہ برس ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے فائنل میچ میں بھی مارین چلچ کو شکست دے کر تاریخی فتح اپنے نام کی تھی۔









