ٹینس لیجینڈ راجر فیڈرر کی کارکردگی پر ایک نظر

،تصویر کا ذریعہPA
سوئٹزرلینڈ کے 36 سالہ راجر فیڈرر آٹھ اگست 1981 میں پیدا ہوئے اور اس وقت عالمی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر ہیں۔
راجر فیڈرر نے 1998 میں پروفیشنل ٹینس کھیلنا شروع کی اور سنہ 2002 سے لے کر نومبر 2014 تک وہ مسلسل دنیا کے دس بہترین ٹینس کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل رہے۔
راجر فیڈرر نے اس فائنل سے پہلے 18 گرینڈ سلام سنگل ٹائٹل جیتے ہیں جو کہ مردوں کے ٹینس مقابلوں میں ایک اعزاز ہے جبکہ ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز کی فہرست کے مطابق وہ 302 ہفتوں تک مسلسل نمبر ون کی پوزیشن پر رہے۔
راجر فیڈرر اب تک ومبلڈن کا ٹائٹل آٹھ مرتبہ جیت چکے ہیں۔ اس کے علاوہ تاریخ میں وہ دوسرے کھلاڑی ہیں جنھوں نے ایک ہی گرینڈ سلام مقابلے میں آٹھ بار کامیابی حاصل کی جبکہ اس سے پہلے سپین کے رافیل ندال پہلے کھلاڑی ہیں جنھوں نے فرینچ اوپن کا ٹائٹل دس بار اپنے نام کیا۔
راجر فیڈرر اس کے علاوہ آسٹریلین اوپن میں پانچ بار، یو ایس اوپن پانچ بار جبکہ فرینج اوپن میں ایک مرتبہ کامیاب ہو سکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس کے علاوہ راجر فیڈرر کے نام ایک اور ریکارڈ بھی ہے جس میں وہ 29 بار مردوں کے سنگل گرینڈ سلام فائنل میں پہنچے جس میں مسلسل دس بار فائنل میں پہنچنے کا اعزاز بھی ان کے نام ہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فیڈرر اب تک 19 مرتبہ گرینڈ سلام ٹائٹل حاصل کر چکے ہیں جبکہ وہ آسٹریلیا کے کین روزویل کے بعد دوسرے کھلاڑی ہیں جو 36 سال کی عمر میں ومبلڈن کے فائنل میں پہنچے۔ فیڈرر کے بعد سپین کے رافیل ندال کا نام آتا ہے جنھوں نے یہ اعزاز 15 مرتبہ حاصل کیا ہے۔
ٹینس لیجینڈ راجر فیڈرر اس سال کے دس امیر ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ فیڈرر کی کل آمدنی 64 ملین ڈالر ہے، جس میں ٹینس سے صرف چھ ملین ڈالر ہے اور اشتہارات سے وہ 58 ملین کماتے ہیں۔ لیکن یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ فیڈرر بیس سال سے ٹینس کھیل رہے ہیں اور اس کھیل کی مقبولیت میں اضافے اور عام لوگوں میں اس کھیل کی پہچان بنانے میں ان کا بڑا ہاتھ ہے۔
اگر راجر فیڈرر کی ٹینس سے حاصل کردہ مجموعی رقم کا ذکر کریں تو ٹینس میں وہ نواک جوکووچ کے بعد دوسرے کھلاڑی ہیں جنھوں نے پرائز کے صورت میں سب سے زیادہ رقم کمائی۔










