سی آئی اے اب ٹوئٹر پر بھی

،تصویر کا ذریعہTwitter
امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا اکاؤنٹ کھولا ہے اور پہلی ٹویٹ میں مزاحیہ انداز اپنایا ہے۔
CIA@ کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹویٹ کیے جانے والے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’ہم نہ تو تصدیق اور نہ ہی تردید کر سکتے ہیں کہ یہ ہماری پہلی ٹویٹ ہے۔‘
جمعے کو اس اکاؤنٹ کے آغاز کے چند ہی گھنٹوں کے اندر اس کے فالوورز کی تعداد دو لاکھ دس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
ابتدائی طور پر اس معاملے میں ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے شکوک و شبہات بھی ظاہر کیے گئے کہ آیا کہ سی آئی اے کا ہی اکاؤنٹ ہے یا نہیں۔
تاہم یہ معاملہ اس وقت صاف ہوگیا جب خفیہ ادارے کی جانب سے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے نے ٹوئٹر اور فیس بک دونوں ویب سائٹس پر جگہ بنا لی ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سی آئی اے کو اس کا ٹوئٹر ہینڈل بھی ٹوئٹر کو اس فرد کے خلاف درخواست دے کر حاصل کرنا پڑا جو پہلے اسے ایجنسی کے نام پر استعمال کر رہا تھا۔
سی آئی اے کی ٹوئٹر پر آمد کی خبر سن کر ٹوئٹر استعمال کرنے والے افراد کی جانب سے بھی دلچسپ بیانات سامنے آئے۔
امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے ٹویٹ کی کہ ’سی آئی اے نے برسوں لوگوں کو فالو کیا(پیچھا کیا)، اب ٹوئٹر استعمال کرنے والوں کے پاس سی آئی اے کو فالو کرنے کا موقع ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سی آئی اے کی ٹوئٹر پر آمد کو کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا کے لیے برے دن سے بھی تعبیر کیا۔
الیکٹرانک پرائیویسی کے لیے سرگرم کارکن پارکر ہگنز نے ٹویٹ کی کہ ’لوگ کہتے ہیں کہ فیس بک اس وقت سے بیکار ہوگئی جب آپ کی دادی اس پر آ جائے۔ میں نہیں جانتا کہ میں سی آئی اے کے ٹوئٹر پر آنے کو کیا سمجھوں۔‘







