اڈوبی کے کروڑوں صارفین کا ڈیٹا چوری کیا گیا

اس سے قبل اڈوبی نے تسلیم کیا تھا کہ ہیکروں نے 30 لاکھ صارفین کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی چوری کی ہیں
،تصویر کا کیپشناس سے قبل اڈوبی نے تسلیم کیا تھا کہ ہیکروں نے 30 لاکھ صارفین کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی چوری کی ہیں

ٹیکنالوجی کمپنی اڈوبی نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے سکیورٹی نظام میں جس نقب زنی یا ’سکیورٹی بریچ‘ کے بارے میں ایک مہینہ پہلے خبر دی گئی تھی، وہ اندازوں سے کہیں بڑی ہے۔

اڈوبی کے بیان کے مطابق حملہ کرنے والوں نے تین کروڑ 80 لاکھ صارفین کی معلومات چوری کیں، جو پہلے سے بیان کیے گئے اعدا و شمار سے کہیں زیادہ ہیں۔

اڈوبی کا کہنا ہے سائبر حملہ آوروں نے فوٹو ایڈیٹنگ کے مشہور سافٹ ویئر فوٹوشاپ کا سورس کوڈ بھی چوری کر لیا۔

یاد رہے کہ فوٹوشاپ کو پروفیشنل فوٹوگرافر کثرت سے استعمال کرتے ہیں۔

اڈوبی نے اس سائبر نقب زنی یا ’بریچ‘ کے بارے میں تین اکتوبر کو تسلیم کیا تھا اور کہا تھا کہ چوری کرنے والوں نے 30 لاکھ صارفین کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی چوری کی ہیں۔

اڈوبی کا اب کہنا ہے کہ ہیکرز نے ایک نامعلوم تعداد میں اس کے صارفین کے آئی ڈی اور پاس ورڈز تک رسائی حاصل کی جنہیں ایک علیٰحدہ ڈیٹا بیس میں محفوظ کیا گیا تھا۔

تاہم منگل کو اڈوبی نے تسلیم کیا ہے کہ اس کے تین کروڑ 80 لاکھ صارفین کا ڈیٹا چوری کیا گیا تھا۔

تین اکتوبر کو کمپنی نے یہ اعلان کیا تھا کہ جن سافٹ وئیرز کے سورس کوڈ چوری ہوئے ان میں ’ایکروبیٹ، کولڈ فیوژن اور کولڈ فیوژن بلڈر‘ شامل ہیں۔

ایڈوب کی ترجمان ہیتھر ایڈل کا کہنا ہے کہ ’چوری کرنے والوں نے کئی ایسے صارفین کی معلومات تک بھی رسائی حاصل کی جن کے آئی ڈی فعال نہیں ہیں۔‘

انٹرنیٹ سکیورٹی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس چوری سے ان ہیکروں نے جو معلومات حاصل کی ہیں ان کے نتیجے میں وہ ان کے لیے ایک خزانے کی مانند ہے جس کی مدد سے وہ ایسے سافٹ وئیر تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں جو اڈوبی کے زیرِ انتظام نہیں ہیں۔

اگرچہ یہ سب تفصیلات انکرپٹڈ ہوتی ہیں مگر ان کا توڑ نکالا جا سکتا ہے جس کے نتیجے میں مسائل کے بڑھنے کا اندیشہ موجود ہے۔

اڈوبی کی ترجمان کے مطابق کمپنی نےاس چوری کے بعد اب تک کوئی مشتبہ کارروائی نہیں دیکھی ہے، مگر انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد تحقیقات جاری ہیں جس پر وقت لگے گا۔