ایلین کوک: فیس بک نے ناقابلِ علاج مرض میں مبتلا شخص کو اپنی موت لائیو سڑیم کرنے سے روک دیا

فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ ناقابل علاج حالت میں مبتلا ایک فرانسیسی شخص کو اپنی موت لائیو سڑیم کرنے سے روک دے گا۔

57 سالہ ایلین کوک نے سنیچر کے روز کھانے، پینے اور ادویات سے انکار کرنے کے بعد اپنے آخری دن کو لائیو نشر کرنے کا ارادہ کیا۔

اس سے قبل صدر ایمانوئل میکرون نے ان کی یوتھنیزیا (کسی مریض کو تکلیف دہ بیماری سے نجات کی خاطر مار دینا) کی درخواست مسترد کردی تھی۔

کوک چاہتے ہیں کہ فرانس میں اس قانون میں تبدیلی کی جائے تاکہ عارضی طور پر بیمار لوگوں کو اپنی مرضی کے مطابق مرنے کی آزادی ہو۔ کچھ گروپ جن میں کیتھولک چرچ بھی شامل ہیں، اخلاقی بنیادوں پر سہل اور بے ایذا موت کی مخالفت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کوک نے سنیچر کے روز علی الصبح ڈیجون میں واقع اپنے گھر سے فیس بک پر پوسٹ کیا ’نجات کا راستہ شروع ہوتا ہے اور مجھ پر یقین کریں، مجھے خوشی ہے‘ اس اعلان کے بعد انھوں نے ’اپنا آخری کھانا ختم کیا‘۔

انھوں نے مزید کہا ’مجھے معلوم ہے کہ آنے والے دن مشکل سے گزرنے والے ہیں لیکن میں نے فیصلہ کر لیا ہے اور میں پرسکون ہوں۔‘

کوک ایک ایسی بیماری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ان کی شریانوں کی دیواریں آپس میں جڑ جاتی ہیں۔

لیکن فیس بک نے ان کی موت لائیو سڑیم کرنے کے منصوبے کو روک دیا ہے۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ انھوں نے خودکشی دکھانے کی اجازت نہیں دی ہے۔

فیس بک کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا ’اگرچہ ہم کوک کے اس پیچیدہ سوال کی طرف توجہ مبذول کروانے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، لیکن ماہرین کے مشورے کے بعد ہم نے ایلین کے اکاؤنٹ پر براہ راست نشریات کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔‘

’ہمارے قواعد ہمیں خودکشی کی کوششیں دکھانے کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔‘

کوک کا کہنا ہے کہ فیس بک ان کی نشریات کو 8 ستمبر تک روک رہا ہے۔ انھوں نے اپنے حامیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فیس بک کا موقف ان کے حق میں تبدیل کرنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے لابی کریں۔

انھوں نے کہا ’اب یہ آپ پر منحصر ہے۔‘

جولائی میں کوک نے صدر میکرون کو ایک خط لکھا جس میں اپنی ’انتہائی ناقابلِ برداشت تکالیف‘ کو بیان کرتے ہوئے ان سے ’عزت و وقار کے ساتھ‘ موت کی اجازت مانگی۔

میکرون نے کہا کہ اس خط نے انھیں جذباتی کر دیا ہے، لیکن وہ اس درخواست کی منظوری نہیں دے سکے کیونکہ وہ ’قانون سے بالاتر نہیں ہیں۔‘

فرانس میں یوتھنیزیا ایک متنازع موضوع ہے، جس میں بہت سے افراد عزت و وقار کے ساتھ مرنے کے حق کی حمایت کرتے ہیں جبکہ دیگر، خاص طور پر مذہبی قدامت پسندوں نے اس کے خاتمے کے مطالبے کی مخالفت کی ہے۔