آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ماؤنٹ ایورسٹ سے 100 ٹن کوڑے کرکٹ کی صفائی کی مہم کا آغاز
نیپال میں واقع دنیا کے سب سے اونچے پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ کی صفائی کرنے کی مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔
منصوبے کے تحت 100 ٹن کوڑے کرکٹ کو ہوائی جہازوں کی مدد سے پہاڑ سے نیچے لایا جائے گا۔
مہم کے پہلے دن 1200 کلو گرام کا کوڑا لکلا ہوائی اڈے سے ملک کے دارالحکومت کھٹمنڈو ری سائیکلنگ کے لیے لایا گیا۔
واضح رہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ پر بڑی تعداد میں کوہ پیما چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کرنے آتے ہیں اور اس دوران وہ اپنے ساتھ لایا ہوا سامان اور مختلف قسم کا کوڑا پہاڑ پر چھوڑ کر چلے جاتے ہیں حالانکہ قوانین کے مطابق انھیں تمام کچرے کو واپس لانا ہوتا ہے۔
ہر سال مقامی گائیڈز بڑی تعداد میں پہاڑ سے کوڑے کی صفائی کرتے ہیں۔
اس سال ماؤنٹ ایورسٹ کی صفائی کے شروع کی جانے والی مہم کے تحت ان اشیا پر توجہ مرکوز ہے جسے کھٹمنڈو لا کر ری سائیکل کیا جا سکے۔
یہ مہم پورے سال جاری رہے گی۔
ماؤنٹ ایورسٹ پر چھوڑے جانے والے کچرے میں بیئر کے کین اور بوتلیں، کھانے کے ڈبے اور کوہ پیمائی کے لیے استعمال ہونے والا وہ سامان جو خراب ہو چکا ہوتا ہے، شامل ہوتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ماؤنٹ ایورسٹ کو صاف کرنے کے لیے ایسے مختلف پروگرام کئی دہائیوں سے جاری ہیں لیکن اب انھیں سگرماتھا پولشن کنٹرول کمیٹی (ایس پی سی سی ) کے نام سے یکجا کر دیا گیا ہے۔ سگرماتھا نیپالی زبان میں ماؤنٹ ایورسٹ کا مقامی نام ہے۔
پہاڑ سر کرنے والے گائیڈ، جنھیں شرپا کہا جاتا ہے، وہ اس مہم کا مرکزی حصہ ہوتے ہیں جو پہاڑ کی صفائی کرتے ہیں۔
ایس پی سی سی کے مطابق ہر سال ایک لاکھ افراد اس خطے کا رخ کرتے ہیں جن میں سے 40 فیصد کوہ پیما ہوتے ہیں۔
کوہ پیمائی کا سامان اور کوڑے کرکٹ کے علاوہ ایس پی سی سی کو انسانی فضلے کو بھی ٹھکانے لگانا ہوتا ہے۔