آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
گمشدہ یونانی خانقاہ کی تلاش کے 100 سال بعد نقشہ غلط نکلا
ایک گمشدہ یونانی خانقاہ کی تلاش کا کام کرنے والے ماہر آثار قدیمہ کے ایک گروہ نے ایک سو سال سے زائد عرصہ تلاش کا کام کرنے کے بعد ختم کر دیا کیونکہ اس جگہ کا قدیم نقشہ غلط تھا۔
یونان کے سرکاری نشریاتی ادارے ای آر ٹی کے مطابق ’سنہ 1964 میں اوبوئیا جزیرے میں اریٹریا کے مقام پر یونانی اور سوئس ٹیم نے کھدائی کا کام شروع کیا، جہاں دیگر ماہر آثار قدیمہ 19ویں صدی سے بے سود کھدائی کرتے رہے تھے۔‘
انھیں یونانی دیوی ارتمس کے مندر کی تلاش تھی، جس کا شمار قدیم یونان کے معزز ترین دیویوں میں ہوتا تھا، اور جیوگرافر سٹرابو کے مطابق ان کا انتقال پہلی صدی عیسوی میں ہوا تھا۔
سوئس ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ایک مقدس مقام قدیم اریٹریا سے سات یونانی سٹیڈز (تقریباً ایک میل) کے فاصلے پر واقع ہے۔ لیکن سوئس ماہر آثار قدئمہ ڈینس کنوپفلر نے دریافت کیا کہ اس دور کی یونانی عمارتوں کے ملنے والے پتھر بازنطینی چرچ میں دوبارہ استعمال ہوئے اور سترابو کو حساب کتاب میں غلطی ہوئی تھی۔ ان کے خیال میں یہ فاصلہ 11 کلومیٹر کا ہے۔
چنانچہ سوئس آرکیولوجیکل سکول اور گریک آرکیالوجیکل سروس نے امرینتھوس میں پہاڑی کے دامن میں ایک چھوٹے سے گاؤں میں کھدائی کا کام شروع کیا۔ اس محنت طلب کام کے بعد ایک برآمدہ یا گیلری دریافت ہوئی۔ جو مندر کا حصہ ہو سکتا ہے، یہ کام سنہ 2012 کے آغاز میں شروع کیا گیا تھا۔
یونان کی وزارت ثقافت کا کہنا ہے کہ ’ان کے اندازے صحیح ثابت ہوئے جب ٹیم نے اس موسم سرما کھدائی کے دوران گیلری کی دیواروں کو نکالا جس سے ارتمس کی خانقاہ کا مرکزی حصہ سامنے آیا۔‘
ٹیم نے اس وقت سے اب تک چھٹی سے دوسری صدی قبل از مسیح کی عمارتیں دریافت کی ہیں جن میں ایک زیر زمین فوارہ، نقش و نگار اور ارتمس کے نام والے سکے شامل ہیں، جو امرینتھوس کی مالک دیوی تھی۔