’آلودگی سے بچاؤ کے لیے سپیڈ بریکرز ہٹانا پاگل پن ہے‘

برطانیہ میں روڈ سیفٹی کے رضاکاروں کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی سے لڑنے کے لیے سپیڈ بریکرز کو ہٹانا 'پاگل پن اور غیر ذمہ دارانہ عمل' ہے۔

انھوں نے وزیر ماحولیات مائیکل گوو کو متنبہ کیا ہے کہ سڑک سے سپیڈ بریکر یا رفتار کش کے ہٹائے جانے سے بچوں کے لیے خطرات میں اضافہ ہو جائے گا۔

حکومت نے کہا تھا کہ وہ انگلینڈ میں کونسلوں کو سپیڈ بریکر ہٹانے کے لیے فنڈز فراہم کریں گے کیونکہ ان سے آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔

روڈ سیفٹی کے رضاکاروں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے میں آلودگی کے خطرے کے مقابلے میں ڈرائیوروں کی تیز رفتاری سے پیدا ہونے والے خطرے زیادہ ہیں۔

بہرحال حکومت کی ایک ترجمان نے کہا ہے کہ کسی بھی تبدیلی کے تحت روڈ سیفٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا: 'روڈ کے کنارے کی آلودگی کم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اسی سبب ہم نے گندے ڈیزل سے نکلنے والے نقصان دہ مادے سے نمٹنے کے لیے شہروں اور قصبوں کو تین ارب پاؤنڈ دینے کا وعدہ کیا ہے۔'

سیفٹی کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ حکومت کی پالیسی موٹرسٹ نواز نظر آنے کی کوشش سے متاثر ہے کیونکہ حال ہی ڈیزل کار پر مکمنہ پابندیوں سے وہ ناراض نظر آ رہے ہیں۔

بچوں کے محفوظ طور پر پیدل سکول جانے کے لیے مہم چلانے والے گروپ 'لیونگ سٹریٹ' کا کہنا ہے کہ 'اگر کونسل کسی متبادل کے بغیر سپیڈ بریکر ہٹاتے ہیں تو اس سے بچوں کے پیدل یا سائیکل سے سکول جانے میں روکاوٹ پیدا ہوگی۔'

گروپ کے مطابق ایسے میں بچے کاروں میں سکول جائیں گے جس سے پھر آلودگی میں اضافہ ہوگا اور بچوں کی ورزش میں کمی آئے گی۔

تین سالہ بچی کی ماں اور تنظیم کی ترجمان ریچل مے کوک نے بی بی سی کو بتایا: 'یہ مکمل طور پر پاگل پن اور غیر ذمہ دارانہ خیال ہے۔ جس ہوا میں ہمارے بچے سانس لیتے ہیں ہم اس ہوا کے بارے میں ضرور پریشان ہیں لیکن ہم ان لاپروا ڈرائیوروں کے بارے میں بھی فکر مند ہیں جو حد سے زیادہ تیز رفتاری گاڑی چلاتے ہیں۔'