’جہادی گولیاں انڈیا سے آئی تھیں‘

،تصویر کا ذریعہDutch police
نیدرلینڈز میں منشیات کی لیبارٹری سے ملنے والی ادویات کے بعد پولیس دو مشتبہ افراد کی تلاش کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملنے والی ادویات کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ شدت پسندوں کو فائدہ دیتی ہیں۔
پولیس کو 'کیپٹاگون' نامی جعلی گولیوں کے بارے میں گذشتہ ماہ علم ہوا تھا اور تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ان ادویات کی منزل مشرقِ وسطیٰ تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں 'کیپٹاگون' کی گولیاں ملک کے جنوبی صوبے لیمبرگ سے ملی تھیں۔ پولیس کے مطابق فورنسک انسٹی ٹیوٹ میں ان گولیوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGuardia di Finanza
دریں اثنا اٹلی کی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ اسے ایک دوسری 'ٹراماڈال' نامی دوا کی تین کروڑ 75 لاکھ گولیاں ملی ہیں جنھیں اسلامی شدت پسند استعمال کرتے ہیں۔
اٹلی کی پولیس کے مطابق یہ گولیاں کارگو کے ذریعے لیبیا بھیجی جا رہی تھیں۔ خیال رہے کہ 'ٹراماڈال' نامی منشیات درد کش دوا کے طور پر استعمال ہوتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اٹلی کی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کھیپ انڈیا سے آئی تھی اور اس کے دو مقاصد ہو سکتے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس کا پہلا مقصد اسلامی دہشت گردی کی مالی مدد اور دوسرا جہادی جنگجوؤں کی مزاحمت بڑھانا ہے۔
رواں برس جاری کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق 'ٹراماڈال' کے استعمال کا مقصد نائجیریا میں سرگرم بوکو حرام کے جنگجوؤں کی صفوں میں وحشیانہ تشدد ابھارنا اور ' تنازعے کے دونوں جانب سفاکی' کو بڑھانے میں کردار ادا کرنا ہے۔
'کیپٹاگون' نامی ادویات کا مرکزی ترکیبی جزو عام طور پر ایمفیٹامین ہوتا ہے لیکن غیر قانونی منشیات ساز اکثر اس میں کیفین یا دوسرے مادے شامل کرتے ہیں۔
'کیپٹاگون' نامی ادویات کھانے سے جنگجوؤں کی لڑنے کی صلاحیت بڑھتی ہے۔







