ایک اور ’تبدیل شدہ نوٹ سیون میں آگ بھڑک اٹھی‘

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ میں ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کی جانب سے تبدیل کیے گئے ایک اور گلیکسی نوٹ سیون سمارٹ فون میں آگ بھڑک اٹھی۔

سام سنگ کے نئے سمارٹ فون کی بیٹری میں خرابی کے باعث اس کا نیا ماڈل متبادل فون کے طور پر فراہم کیا گیا تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست کینٹکی کے رہائشی ایک شخص کا کہنا تھا کہ وہ جب سو کر اٹھے تو ان کا کمرہ دھوئیں سے بھرا ہوا تھا اور وہ انتہائی خوفزدہ ہوگئے تھے۔

اس سے قبل بدھ کو ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کی ایک پرواز میں متبادل نوٹ سیون میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

کینٹکی کے علاقے نکولس ولے کے رہائشی مائیکل کلیرنگ نے مقامی نشریاتی ادارے ڈبلیو کے وائی ٹی کو بتایا: 'یہ فون تبدیل کیا گیا تھا، آپ اس کو محفوظ سمجھ سکتے تھے۔'

ان کا کہنا تھا کہ جب اس میں آگ لگی یہ چارجنگ پر نہیں تھا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں سام سنگ نے نوٹ سیون کی فروخت روک دی تھی اور صارفین سے کہا تھا کہ وہ اپنے نوٹ سیون فون کو نئے ترمیم شدہ نوٹ سیون فون سے تبدیل کروا لیں۔

گذشتہ ماہ کمپنی نے اپنے صارفین کو باور کروایا تھا کہ اس فون میں خرابی درست کر دی گئی ہے۔