’مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کو ملوث نہ کریں‘

راج ناتھ سنگھ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنراج ناتھ سنگھ
    • مصنف, سہیل حلیم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی

بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر میں اقوام متحدہ کو شامل کرنے کی کوشش نہ کرے اور اگر کوئی تنازع ہے تو اسے باہمی مذاکرات کے ذریعہ حل کیا جانا چاہیے۔

وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے انڈو تبتن بارڈر پولیس کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لائن آن کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بھی بند کرے اور یہ کہ ’انھوں معلوم ہے کہ بھارت کی فوج میں (ان کارروائیوں کا) منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت ہے۔‘

جب سے لائن آف کنٹرول پرگولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے انتہائی سخت موقف اختیار کیا ہے۔ اسی ہفتے وزیر دفاع ارون جیٹلی نے کہا تھا کہ اگر ایل او سی پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو یہ پاکستان کے لیے مزید تکلیف دہ ثابت ہوگا۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان کشمیر کےمسئلے پر کسی تیسرے فریق کی ثالثی کی کوششیں بھی ترک کردے۔

’پاکستان کی قومی اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کرکے یو این کی مداخلت کی بات کہی ہے۔۔۔لیکن اگر کوئی تنازع ہے تو اسے باہمی بات چیت کے ذریعہ ہی حل کیا جاسکتا ہے۔‘

بھارت نے چین کی متنازع سرحد کے قریب سڑکوں کی تعمیر کےایک منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے جس پر چین کے اعتراض کا جواب دیتے ہوئے مسٹرسنگھ نے کہا کہ: ’چین اور بھارت کے درمیان اگر سرحد پر کوئی تنازع ہے تو اسے بھی بات چیت کے ذریعہ ہی حل کیا جانا چاہیے۔‘

لیکن انڈیا میں بہت سے تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ حکومت نے پاکستان سے بات چیت کا سلسلہ بند کر کے غلطی کی ہے۔ کانگریس کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے بھی جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم اگرچے یہ دعوی کرتے ہیں کہ پاکستان کو خاموش کردیا گیا ہے لیکن ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔