آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
جہاز میں شادی: کورونا کی پابندیوں سے بچنے کی کوشش، 160 مہمانوں نے ’شرکت‘ کی
اطلاعات کے مطابق ایک انڈین جوڑے نے کورونا وائرس کی پابندیوں سے بچنے کے لیے چارٹرڈ طیارے پر دوران پرواز شادی کی جس میں 160 مہمان بھی موجود تھے۔
شادی کی اس تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی جس میں یہ جوڑا اور ان کے مہمان کرائے پر لیے گئے جہاز میں ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ واقعہ ریاست تمل ناڈو کا ہے جہاں حال ہی میں شادی کی تقریب کے انعقاد پر پابندیاں مزید سخت کر دی گئی تھیں اور مہمانوں کی تعداد 50 تک محدود کرنے کو کہا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق انڈیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
مزید پڑھیے
ڈائریکٹریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک افسر نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا ہے کہ سپائس جیٹ میں سوار عملے کو ڈیوٹی سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سپائس جیٹ کے ترجمان نے انڈین ایکسپریس کو بتایا ہے کہ بوئٹگ 737 کو مودورائی سے بینگلور کے لیے بُک کیا گیا تھا۔ اور یہ بکنگ شادی کے بعد ٹرپ کے لیے ایک ٹریول ایجنٹ کے ذریعے کروائی گئی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واضح طور پر کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کے لیے بریفنگ دی گئی تھی اور دوران پرواز کسی بھی قسم کی سرگرمی کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ انڈیا میں کورونا کی دوسری لہر بہت تباہ کن ثابت ہوئی ہے اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک تین لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ غیر ملکی اور غیر جانبدار اندازوں میں کہا جا رہا ہے کہ یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
حالیہ مہینوں میں ہسپتال اور شمشان گھاٹ بھرے ہوئے دکھائی دیے۔ اس صورتحال کی وجہ سے ملک میں آکسیجن کے سلینڈروں کی کمی اور شمشان گھاٹ میں لاشوں کو جلانے کے لیے جگہ، لکڑیوں اور دیگر ضروری سہولیات کی کمی دیکھی گئی ہے۔
بہت سے خاندان اپنے پیاروں کی آخری رسومات ادا نہیں کر پا رہے کیونکہ وہ اس کے لیے مالی طور پر مشکلات کا شکار ہیں۔ لوگ مرنے والے عزیز و اقارب کی لاشیں دریائے گنگا کے کنارے یا دریا کے اندر دھکیل رہے ہیں۔
اس صورتحال کے باعث یہ خدشہ ہے کہ کورونا وائرس کے باعث جانی نقصان کے اصل اعداد و شمار نمایاں طور پر کہیں زیادہ ہیں۔