آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کٹھمنڈو: مسافر طیارے کے حادثے میں کم از کم 49 ہلاک
نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو کے ہوائی اڈے پر ایک مسافر طیارے کو لینڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں کم از کم 49 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس طیارے پر کل 71 افراد سوار تھے اور اطلاعات کے مطابق 17 افراد کو طیارے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
امدادی کارکنوں نے طیارے کے ملبے میں لگی آگ بجھانے کے بعد اس میں سے جلی ہوئی لاشیں نکالی ہیں۔
پرواز نمبر بی ایس 211 بنگلہ دیش کی فضائی کمپنی یو ایس بنگلہ کی تھی اور طیارہ پیر کی دوپہر تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن وے سے پھسل کر مشرقی جانب گرا اور اس میں آگ لگ گئی۔
اطلاعات کے مطابق اس طیارے پر 67 مسافر اور عملے کے چار ارکان سوار تھے۔
اس حادثے کے بعد ہوائی اڈے کو تمام پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا۔
فلائٹ ریڈار 24 ویب سائٹ کے مطابق یہ طیارہ کٹھمنڈو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بج کر 20 منٹ پر اترا تھا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز میں ہوائی اڈے کے رن وے سے دھواں اڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق طیارے کی شناخت ایس ٹو۔ اے جی یو، بومباڈیئر ڈیش 8 کیو 400 کے طور پر ہوئی ہے تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔