ممبئی میں ایک عمارت کے گرنے سے سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی

انڈيا کے صنعتی شہر ممبئی میں جمعرات کی صبح ایک پرانی عمارت گر کر تباہ ہوگئی تھی جس میں اب تک سات افراد کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

یہ واقعہ جنوبی ممبئی کے بائیکلہ کے علاقے میں جی جے روڈ پر صبح پیش آيا۔

امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبے تلے دبے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہے۔ یہ علاقہ گنجان آباد ہے اس لیے امدادای کام میں دشواریاں آرہی ہیں۔

ممبئی میں پولیس حکام کے مطابق اس واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سات ہوگئی ہے اور 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

کہا جا رہا ہے کہ عمارت کے ملبے کے نیچے 30 سے 35 افراد اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق مذکورہ عمارت تین منزلہ تھی جبکہ آگ پر قابو پانے والے عملے کا کہنا ہے کہ یہ پانچ منزلہ عمارت تھی۔

آس پاس کے لوگوں نے بتایا ہے کہ عمارت پر دو اضافی منزلیں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھیں۔

زخمی ہونے والے افراد کو جے جے ہسپتال میں بھرتی کیا گيا ہے۔ ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے پانچ کی حالت نازک ہے۔

ایک روز قبل ہی ممبئی میں زبردست بارش ہوئی تھی اور اسی کے بعد یہ واقعہ پیش آيا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ عمارت پرانی تھی اور اس کی تعمیر نو پر غور کیا جا رہا تھا۔

گذشتہ تقریبا ایک ماہ میں ممبئی میں عمارت منہدم ہونے کا یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔