پی ٹی آئی کا الطاف حسین کے خلاف غداری کے مقدمہ کا مطالبہ

الطاف حسین کے حامی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنایم کیو ایم کے قائد نے اپنے حامیوں کو تاکید کی ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور نیٹو سے کراچی میں مداخلت کی دعوت دیں

پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لیے قرارداد جمع کروا دی ہے۔

یہ قرارداد پیر کو پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اِختلاف میاں محمود الرشید کی جانب سے جمع کروائی گی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد اقوام متحدہ اور نیٹو سے ملکی معاملات میں مداخلت کے لیے درخواست کر رہے ہیں لہذا اِن کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کیا جائے۔

قرارداد کے مطابق الطاف حسین باقاعدگی سے ریاست پاکستان، افواج اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت اور اشتعال انگیز الفاظ استعمال کرتے ہیں جبکہ اُنھوں نے بھارت سے بھی اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے طاقت کے استعمال کی اپیل کی ہے۔

قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ الطاف حسین کو انٹر پول کے ذریعے گرفتار کر کے پاکستان لایا جائے اور اُنہیں آئین شکنی کے لیے مقرر کردہ سزا دی جائے۔

یاد رہے کہ الطاف حسین نے دو دن قبل امریکہ کے شہر ڈیلاس میں ایم کیو ایم کے سالانہ کنونشن سے ٹیلی فون پر خطاب میں کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ بین الاقوامی اداروں سے کہیں کہ وہ کراچی میں اقوام متحدہ یا نیٹو کی افواج بھیجیں تا کہ معلوم کیا جا سکے کہ کن افراد نے قتل عام کیا اور کون کون اس کا ذمہ دار ہے۔

الطاف حسین نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کی پوری کوشش ہے کہ کسی طرح ڈاکٹر عمران فاروق کا قتل اُن پر ڈالا جائے جبکہ اُن کا اِس قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔