ملتان: باراتیوں کی کشتی الٹنے سے 17 ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں سیلاب کے نتیجے میں دریائے چناب میں طغیانی کے باعث باراتیوں کی کشتی الٹنے سے دولہا سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے۔
ملتان سے مقامی صحافی محمد ارتضیٰ نے بی بی سی بات کرتے ہوئے بتایا کہ دریائے چناب میں شیر شاہ کے قریب طغیانی کے باعث باراتیوں سے بھری کشتی توازن قائم نہ رکھ سکی اور الٹ گئی۔
اس کشتی میں مقامی حکام کے مطابق کل 37 افراد سوار تھے جن میں سے ریسکیو رضاکاروں نے 20 افراد کو تو زندہ بچا لیا جن میں دلہن شامل ہے۔
اس کے علاوہ دولہے سمیت 17 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں اور تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
کشتی کنارے سے صرف دو سو میٹر کے فاصلے پر اس وقت الٹی جب کنارے سے آنے والی تیز لہروں کی وجہ سے خوف کے باعث سواریوں میں بھگدڑ مچی۔
تمام لاشوں اور زندہ بچ جانے والوں کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا جارہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد دریائے چناب میں شدید سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے جس سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالات بہت خراب ہیں اور وسیع رقبہ زیرِ آب آ چکا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے کہا تھا کہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے پاکستان فوج، ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کی مدد سے 276681 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







