’افغانستان سے شدت پسندوں کا حملہ‘، ایک اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے 70 سے 80 شدت پسندوں نے صوبے بلوچستان کے مسلم باغ سیکٹر میں پاکستانی حدود میں حملہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ان شدت پسندوں کو روکنے کی کوشش کی تو انھوں نے فائرنگ کر دی۔
حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے نائیک نیاز ہلاک ہو گئے۔
مسلم باغ سیکٹر کوئٹہ سے تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر قلع سیف اللہ میں واقع ہے۔ قلع سیف اللہ کی سرحد افغانستان سے ملتی ہے۔
خیال رہے کہ شدت پسند ماضی میں بھی افغانستان سے سرحد پار کر کے پاکستانی علاقے میں حفاظتی چوکیوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔
اس سے پہلے پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ میں گذشتہ برس افغانستان سے آنے والے شدت پسندوں نے سالارزئی کے علاقے میں ایک حفاظتی چوکی پر حملہ کیا تھا۔
شدت پسندوں کے اس حملے میں تین سکیورٹی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔
پاکستان کی جانب سے سرکاری سطح پر افغانستان سے اس قسم کی کارروائیاں کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کچھ عرصہ سے افغانستان کی جانب سے پاکستانی علاقوں میں شدت پسندوں کے حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔







