گرفتار امریکی اہلکار ضمانت پر رہا

اے ایس ایف کے حکام نے فوری طور پر ملزم کو حراست میں لے لیا اور بعدازاں اُنھیں تھانہ ایئرپورٹ منتقل کر دیا
،تصویر کا کیپشناے ایس ایف کے حکام نے فوری طور پر ملزم کو حراست میں لے لیا اور بعدازاں اُنھیں تھانہ ایئرپورٹ منتقل کر دیا

اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جمعہ کو دستی سامان سے پستول اور اس کی گولیاں برآمد ہونے پر گرفتار کیے جانے والے امریکی اہلکار کو چند گھنٹوں بعد شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں ولیم جونز کے نام سے شناخت کیے جانے والا امریکی اہلکار کے سامان سے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس نے ایک پستول اور اس کی پندرہ گولیاں برآمد کر کے انھیں پولیس کی تحویل میں دے دیا تھا۔

ویلیم جونز دبئی کے راستے امریکہ روانہ ہو رہے تھے جب ان کے سامان سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق ان کے خلاف ناجائز اسلح رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تاہم چند گھنٹوں بعد ان کو امریکی سفارت خانے کے ایک اہلکار کی شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق ملزم ولیم جونز امریکی سفارت خانے میں بطور ٹرینر تعینات ہیں۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ایک نجی پرواز سے دبئی کے راستے امریکہ جا رہا تھا کہ بےنظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں اے ایس ایف کاؤنٹر پر جب اُن کا سامان چیک کیا گیا تو ایک عدد پستول اور 15گولیاں برآمد ہوئیں۔

اے ایس ایف کے حکام نے فوری طور پر ملزم کو حراست میں لے لیا اور بعدازاں اُنھیں تھانہ ایئرپورٹ منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے اپنا مکمل تعارف نہیں کروایا تھا لیکن جب پولیس نے اُن سے تفتیش کرنا شروع کی تو پھر اُنھوں نے اپنے مکمل کوائف سے متعلق پولیس کو آگاہ کیا۔

سول ایوی ایشن کے ایک اہلکار مبارک احمد کے مطابق اگر کوئی مسافر بیرون ملک اسلحہ لے کر جانا چاہتا ہے تو اُس کو اس ضمن میں پہلے اجازت لینے کے ساتھ ساتھ اسلحے کو آف لوڈ کر کے اُسے کارگو کروانا پڑتا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اسلحہ کو دستی سامان میں نہیں لے کر جایا جا سکتا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر ملزم کی جانب سے اسلحے کا اجازت نامہ پیش کر دیا گیا تو اُن کی رہائی ممکن ہے۔ بی بی سی نے امریکی شہری کی گرفتاری سے متعلق اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے رابطہ کیا گیا لیکن اس بارے میں اُن کا موقف سامنے نہیں آ سکا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے کراچی میں بھی پولیس حکام نے ایک امریکی شہری کو اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کر کے اُن کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا تاہم اُن کی رہائی عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد عمل میں آئی تھی۔