شبقدر: فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ شبقدر کے علاقے میں پشاور چوک پر پیش آیا ہے۔
شبقدر پولیس کے اہلکار نے بتایا کہ دو سپاہی ایاز اور شہر یار ڈیوٹی پر موجود تھے جب انھیں نشانہ بنایا گیا۔
ان کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور حملے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اس واقعہ کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔
تحصیل شبقدر پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کی سرحد کے قریب واقع ہے جہاں چند روز سے کشیدگی جاری ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ مہمند ایجنسی میں چند روز سے شدت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے اور بعض مقامات پر کرفیو بھی نافذ ہے ۔
یاد رہے گزشتہ روز مہمند ایجنسی میں ایک دھماکے میں چھ سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جبکہ گزشتہ ہفتے مہمند ایجنسی کے علاقے کڑپہ سے چار افراد کی لاشیں ملی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







