’پاکستانی صحافی سچ لکھنے سے کتراتے ہیں‘

- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام،کراچی
بلوچ سٹوڈنٹس آرکنائزیشن کی مرکزی کمیٹی کے رکن لطیف جوہر نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کے صحافتی اداروں کے صحافی موت کے ڈر سے سچ اور حق لکھنے سے کتراتے ہیں۔
کراچی پریس کلب میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لطیف جوہر نے کہا کہ وہ گزشتہ پچیس روز سے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر ہیں اور اس عرصے میں ان کا وزن بائیس کلوگرام کم ہو چکا ہے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ بی ایس او آزاد کے چیئرمین زاہد بلوچ کو رہا کیا جائے جنہیں مبینہ طور پر کوئٹہ سے جبری طور پر لاپتہ کیاگیا ہے۔
کمزور جسامت والے نوجوان نے صحافیوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ انہیں خبر ہونی چاہیے کہ موت برحق ہے، ہر کسی کو مرنا ہے لیکن جن کا ضمیر مر جائے تو ان کی وقت سے پہلے موت ہوجاتی ہے۔
لطیف جوہر نڈھال حالت میں بھی بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور اداروں کے رویوں پر آدھا گھنٹے تک بات کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ زندہ بچ نہیں پائیں گے لیکن انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ تاریخ کے اوراق میں زندہ رہیں گے۔
کراچی پریس کلب میں میڈیا کا کردار اور بلوچستان میں انسانی حقوق کے نام سے یہ سیمینار کسی بھی نیوز چینل کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا جبکہ اخبارات کے رپورٹرز کی بھی تعداد انتہائی کم نظر آئی۔

،تصویر کا ذریعہ BBC
لطیف جوہر کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ چوبیس دنوں سے نیوز چینلز کی گاڑیاں ان کے کیمپ سے گزرتے ہوئے دیکھتے ہیں ’جو وزرا یا کسی بلی کے بچے تک کے بچانے کی کوشش کی خبریں تک دینے کے لیے دوڑیں لگاتے ہیں لیکن ان کے کیمپ کی طرف نظریں کرنا بھی گوارا نہیں کرتے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ ابلاغ عامہ کے طالب علم نہیں کیونکہ انہیں تو پڑھنے نہیں دیا جارہا لیکن ’کیا خبر کی تشریح تبدیل ہوچکی ہے، پچیس دنوں سے ایک طالب علم کی بھوک ہڑتال کیا خبر نہیں؟‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ ماؤزے تنگ اور مہاتما گاندھی کے مارچ کے بعد اس خطے میں دو ہزار کلومیٹر پیدل مارچ کرنے والے ماما قدیر کا احتجاج خبر نہیں تھی یا حق کی بات کرنے والے دس سالہ چاکر بلوچ کی ہلاکت خبر کوئی اہمیت نہیں رکھتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بلوچوں کے بارے میں غلط بیانی کی جا رہی ہے ہے کہ وہ قاتل ہیں، لیکن در حقیقت ہم جمہوریت پسند، آزادی پسند، ترقی پسند اور بین الاقوامی پسند قوم ہیں۔
پریس کلب کے باہر جیو چینل کے خلاف احتجاجوں اور لاؤڈ سپیکروں پر تقریروں اور نعرے بازی کے دوران یہ پروگرام جاری رہا جس سے بلوچ ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کی بی بی گل، انسانی حقوق کمیشن کے اسد بٹ، صحافی عاجز جمالی، سماجی کارکن ناصر کریم اور دیگر نے خطاب کیا۔
ناصر کریم کا کہنا تھا کہ نام نہاد جمہوریت پسند اور بلوچ قوم پرست تنظیموں نے اقتدار کے حصول کے لیے بلوچستان کی اصل سیاسی قوتوں کو عسکریت پسند قرار دے کر اپنا الو سیدھا کیا اب جس کی قیمت اسٹیبلشمنٹ کو بھی ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت ہر طرف سے یہ کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل خطرے میں ہے، پاکستان خطرات سے دوچار ہے لیکن اس کے باوجود اسٹیبلشمنٹ میں کوئی عاجزی اور انکساری نظر نہیں آتی، زمینی حقائق پر ان کی آنکھیں کھل جانی چاہیے۔







