
میاں نواز شریف کے مطابق دونوں جماعتیں مذاکرات کے لیے کمیٹیاں تشکیل دیں گے
پاکستان میں حزب اِختلاف کی جماعت مسلم لیگ نون اور جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ نے ایک دوسرے سے انتخابی تعاون کا معاہدہ کر لیا ہے۔
اس بات کا اعلان پیر کو مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے لاہور کے رائے ونڈ فارم ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی تعاون کے لیے دونوں جماعتیں اپنی اپنی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور ایک دوسرے سے مذاکرات کے بعد ممکنہ انتخابی تعاون کا طریقۂ کار طے کیا جائے گا۔
اس موقع پر مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا کہ ان کی جماعت شفاف انتخابات کے انقعاد میں گند ڈالنے والوں کو روکنا چاہتی ہے اور مولانا فضل الرحمان نے اس پر بھی اتفاق کیا ہے۔
ملاقات میں میاں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اٹھائیس فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرس میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔
میاں نواز شریف کے مطابق آل پارٹیز کانفرس میں مسلم لیگ کے تین رہنما قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف چوہدری نثار، سینیٹر اسحاق ڈار اور اقبال ظفر جھگڑا شرکت کریں گے۔






























