
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر اور ان کے گیارہ سالہ بیٹے کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا ہے۔
لاہور کے علاقے گلبرگ پولیس کے مطابق جنرل ہسپتال کے آئی سپیشلسٹ ڈاکٹر سید علی حیدر پیر کی صبح اپنے گیارہ سالہ بیٹے مرتضیٰ علی حیدر کو سکول چھوڑنے کار پر جارہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کا کمسن بیٹا ایف سی کالج کے پاس دو مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں آئی سرجن سید علی حیدر اور اور ان کے بیٹے ہلاک ہو گئے۔
لاہور کی گلبرگ پولیس نے سید علی حیدر اور ان کے گیارہ سالہ بیٹے مرتضیٰ حیدر کے قتل کے الزام میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
لاہور میں حالیہ دنوں کے دوران فرقہ وارانہ شدت پسندی یہ پہلا واقعہ ہے۔






























