
کراچی کے علاقوں گلشن اقبال اور نارتھ ناظم آباد میں بھی فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں آٹھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔
کراچی ایسٹ کے ڈی آئی جی شاہد حیات نے بی بی سی کے نامہ نگار جعفر رضوی کو بتایا کہ گلشن اقبال کے ایک مدرسے کے قریب ایک ہوٹل پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے کئی افراد میں سے پانچ اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔
گلشن اقبال کے مکینوں کا کہنا ہے کہ مدرسے کے قریب اس ہوٹل پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی تعداد نو تھی جن پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ادھر نارتھ ناظم آباد میں بھی فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کراچی ویسٹ کے ڈی آئی جی جاوید اوڈھو نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دو مختلف واقعات میں تین افراد مارے گئے ہیں۔
پہلا واقع نارتھ ناظم آباد کے بلاک جی میں سیفی کالج کے قریب ہوا جہاں ایک موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے محمد اسلم اور طارق نامی دو افراد کو ہلاک کردیا۔ ان افراد کا تعلق ایک ہفت روزہ سے بتایا جاتا ہے۔
ڈی آئی جاوید اوڈھو کا کہنا ہے کہ یہ یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ دونوں واقعات میں ہلاک ہونے والے افراد فرقہ وارانہ تشدد کا نشانہ بنے۔






























