
مسلم لیگ نون میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں نو میں سے چھ ارکانِ اسمبلی کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے
پاکستان کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور ان کی اتحادی جماعت مسلم لیگ قاف کے گیارہ ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی نے مسلم لیگ نون میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
پارٹی چھوڑنے والوں میں پیپلز پارٹی کے نو ارکان پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ قاف کے دو اراکین قومی اسمبلی شامل ہیں۔
پارٹی چھوڑنے والے ارکانِ اسمبلی نے جمعہ کو لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اورقومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلالف چودھری نثار علی خان کی موجودگی میں مسلم لیگ نون میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
مسلم لیگ نون میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں نو میں سے چھ ارکانِ اسمبلی کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔
پیپلز پارٹی چھوڑنے والوں میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر رکن پنجاب اسمبلی بننے والی عظمیٰ بخاری بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے شوہر اور پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سمیع اللہ خان کے ہمراہ مسلم لیگ نون میں شمولیت اختیار کی۔
اس موقع پر قومی اسمبلی قائد حزبِ اختلاف چودھری نثار علی خان نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے ارکانِ اسمبلی کی ایک بڑی تعداد مسلم لیگ نون میں شامل ہونا چاہتی ہے۔
مسلم لیگ قاف چھوڑنے والے ارکان قومی اسمبلی اسلم بودلہ اور دیوان عاشق بخاری جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید علاؤالدین ، کامل گجر ، قیصر سندھو ، نشاط ڈاہا، رانا بابر ، جمیل شاہ ، عباس ہراج اور منور غوث نے مسلم لیگ نون میں شمولیت اختیار کی۔






























