
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے اس اجلاس کی صدارت کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے کراچی میں منعقدہ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ انتخابات بر وقت منعقد کیے جائیں گے اور کسی قسم کی مہم جوئی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والے اس اجلاس میں صدر آصف علی زرداری وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، جماعت کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت کئی وزراء اور مشیران نے شرکت کی۔
صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اس اجلاس میں ملکی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات کا نوٹس لیا گیا کہ بعض عناصر انتخابی نظام میں خلل ڈالنا چاہتے ہیں اور انتخابات کا التوا چاہتے ہیں۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ پی پی پی انتخابات کے التوا کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں یہ کہا گیا ہے کہ ’انتخابات میں ایک دن کا بھی التوا برداشت نہیں کیا جائے گا اور آئین میں دیے گئے اوقات کار میں ہی ان کا انعقاد کیا جائے گا۔‘
اجلاس میں سید خورشید شاہ، سینیٹر فاروق ایچ نائک، نذر محمد گوندل اور میاں رضا ربانی پر مشتمل ایک چار رکنی کیمٹی بنانے کا اعلان کیا گیا جو ملک کی دوسری سیاسی قوتوں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ انتخابات کے بارے میں مشاورت کرے گی۔






























