
ایم کیو ایم نے عوامی مارچ میں شرکت کے فیصلے کا اعلان کیا ہے
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی لانے کے لیے ان کی جماعت طاہر القادری کے ساتھ ہے۔
ایم کیو ایم کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں الطاف حسین نے ڈاکٹرطاہر القادری کو اپنی بھرپور حمایت اور تعاون کا یقین دلایا اور انہیں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو آمد کے لیے خوش آمدید کہا۔
انہوں نے ایم کیو ایم کے کارکنوں سے کہا کہ وہ نائن زیرو پر ڈاکٹرطاہر القادری کے شانداراستقبال کے لیے تیاری کریں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایم کیوایم کی جانب سے تحریک منہاج القرآن کے عوامی مارچ میں شرکت کے فیصلے کا اعلان ہوتے ہی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے اتوار کی شب ایم کیویم کے قائد کو فون کر کے ایم کیوایم کی قیادت کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا۔ بیان کے مطابق ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ وہ رابطہ کمیٹی کے متفقہ فیصلے اور قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے توثیق پر انتہائی شکرگزار ہیں اور وہ اظہار تشکر کے لیے جلد ہی ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کا دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے طویل اور مشاورتی اجلاس کے بعد تحریک منہاج القرآن کی جانب سے کرپشن کے خاتمہ اور انتخابی نظام میں انقلابی اصلاحات کے لیے 14جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والے لانگ مارچ میں بھر پور شرکت کا اعلان کیا تھا۔






























