ورمل: ڈرون حملے میں ایک غیرملکی ہلاک

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 1 دسمبر 2012 ,‭ 14:35 GMT 19:35 PST

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملے گزشتہ کئی سال سے جاری ہیں

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں ایک غیر ملکی ہلاک ہوگیا ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ حملہ سنیچر کو وانا بازار سے بارہ کلو میٹر دور تحصیل ورمل کے علاقے شین ورسک میں ہوا۔

اس حملے میں جاسوس طیارے نے دو میزائل داغے اور ایک مکان اور اس کے باہر موجود ایک غیر ملکی کو نشانہ بنایا گیا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں نشانہ بنائے جانے والا غیر ملکی ہلاک ہوگیا جبکہ مکان کو بھی نقصان پہنچا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے غیرملکی کا تعلق یمن سے تھا۔ ذرائع کے مطابق عبدالرحمان نامی یہ شخص نو سال سے وانا میں مقیم تھا تاہم اس نے تین ماہ قبل ہی شین ورسک میں رہائش اختیار کی تھی۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملے گزشتہ کئی سال سے جاری ہیں۔ ان حملوں میں پاک امریکہ تعلقات کے دوران کمی یا وقتی تعطل آتا ہے تاہم یہ یہ حملے مکمل طور پر کبھی بند نہیں ہوئے۔

گزشتہ سال نومبر میں سلالہ میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر نیٹو کے فضائی حملے کے بعد ان ڈرون حملوں میں تعطل آیا تھا تاہم کچھ عرصے کے بعد حملوں کا آغاز دوبارہ ہو گیا۔

پاکستان کی مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتیں ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کرتی رہی ہیں۔ حال ہی میں سیاسی جماعت تحریکِ انصاف نے ان حملوں کے خلاف اسلام آباد سے قبائلی علاقہ جات تک ریلی بھی کی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>