
ایف سی کی تمام پلاٹونوں کو ڈیوٹی پر بلا لیا گیا ہے
محرم الحرام کے آغاز پر دہشتگردی کی کارروائیوں کے خطرے کے پیشِ نظر کراچی اور کوئٹہ میں ایک دن کے لیے موٹرسائیکل چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے بتایا کہ پابندی کا فیصلہ دونوں شہروں میں جمعہ کو موٹر سائیکل کے ذریعے دہشت گردی کی ممکنہ کارروائیوں کی اطلاعات کے بعد کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ پابندی صرف ایک دن کے لیے ہوگی اور اس سے کوئی بھی مسثتنیٰ نہیں ہوگا۔
رحمان ملک نے کہا کہ کراچی میں ایف سی کی تمام پلاٹونوں کو ڈیوٹی پر بلا لیا گیا ہے اور عوام کی حفاظت میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ ان دونوں شہروں میں موبائل سروس معطل کرنے کے بارے میں فیصلہ جمعہ کو ہی کیا جائے گا۔
ادھر کراچی میں جمعرات کو دو پولیس اہلکاروں سمیت مزید چھ افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
ہمارے نامہ نگار کے مطابق جمعرات کو سپر ہائی وے پر جھاڑیوں میں موجود ایک کار سے دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن کی شناخت سپاہی کامران اور اصغر کے نام سے کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ منگھو پیر کے علاقے میں ایک شخص کو موٹر سائیکل سواروں نے گولی مار کر ہلاک کیا ہے۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ موٹر سائیکل سوار مقتول کو اپنے ساتھ لائے تھے اور اسے اتار کرگولیاں ماری گئیں۔
اس سے پہلے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب دو بجے پیر الٰہی بخش کالونی میں فائرنگ سے تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
پولیس نے مقتولین کی شناخت اشفاق احمد، جاوید اور ضیاالدین کے نام سے کی ہے جو شہر کے مختلف علاقوں کے رہائشی تھے۔






























