
یہ میزائل جوہری اور روایتی ہتھیار لیجانے کی صلاحیت رکھتا ہے
پاکستان نے جوہری ہتھیار لیجانے کی صلاحیت کے حامل سات سو کلومیٹر فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل بابر حتف سات کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کروز میزائل میں سٹیلتھ ٹیکنالوجی( ریڈار میں نظر آئے بغیر ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت) کا استعمال کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کو جدید خصوصیات کے حامل ملٹی ٹیوب لانچ وہیکل سے لانچ یا فائر کیا گیا جس سے بابر میزائل سسٹم کی ہدف بنانے اور اس کو منتقل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔
یہ میزائل جوہری اور روایتی ہتھیار لیجانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال جون میں بھی پاکستان نے کروز میزائل بابر کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔
کروز میزائل حتف سات سمندر اور زمین پر اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل تجربے کو ڈائریکٹر جنرل سٹریٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد احمد قدوائی، کمانڈر آرمی سٹریٹیجک فورس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل طارق ندیم گیلانی، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران، سائنسدانوں اور سٹریٹیجک اداروں کے انجینئیرز نے دیکھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کروز میزائل حتف سات سطح زمین سے کم بلندی یا نچلی پرواز کرتے ہوئے اپنے ہدف کو نشانہ بناتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئیرز کو مبارکباد دی۔






























