
پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) ایوارڈز کی تقریب کے بائیکاٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ تقریب ہفتے کو کولمبو میں منعقد ہو رہی ہے جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوئی بھی اہم عہدیدار شرکت نہیں کرے گا البتہ چند کرکٹرز کو اس میں شرکت کے لیے بھیجا جائے گا۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ایوارڈز کے امیدواروں کی حتمی فہرست میں آف سپنر سعید اجمل کو شامل نہ کیے جانے پر آئی سی سی سے احتجاج کرچکا ہے اور وہ اس معاملے کو آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں بھی اٹھائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف نے جمعرات کو بی بی سی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ایوارڈز کی تقریب کوئی معنی نہیں رکھتی تاہم ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آخری لمحات میں کیا جائے گا۔
سعید اجمل کو ایوارڈ کے آخری امیدواروں میں شامل نہ کیے جانے پر پاکستانی کرکٹ کے حلقے آئی سی سی پر تنقید کر چکےہیں جبکہ اراکین پارلیمان بھی اس پر شدید ردعمل ظاہر کرچکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پر تقریب کا بائیکاٹ کرنے کے بارے میں زبردست دباؤ رہا ہے تاہم تقریب میں جزوی شرکت کا اس کا فیصلہ عوامی ردعمل سے مطابقت نہیں رکھتا۔






























