بلوچستان: دو اضلاع میں خسرے کی وبا، چار بچے ہلاک

کوئٹہ

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے حکام کا کہنا ہے کہ دو اضلاع میں خسرے کی وبا پھوٹنے سے کم از کم چار بچے ہلاک ہوئے۔

کوئٹہ میں محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مشکے میں خسرے کی وبا پھوٹ پڑی ہے جس سے اب تک خسرے سے چار بچے ہلاک ہوئے ہیں ۔

محکمہ صحت کے سیکریٹری نورالحق بلوچ نے بتایا کہ مشکے میں خسرے سے بچے متاثر ہوئے ہیں۔

ادھر افغانستان سے متصل ضلع ژوب کے علاقے مرغہ کبزئی کے علاقے میں بھی تین بچوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

ژوب میں انتطامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ ابھی تک اس بات کی تصدیق ہونا باقی ہے کہ ان بچوں کی ہلاکت خسرے سے ہوئی یا کسی اور وجہ سے۔

اہلکار کے مطابق اس سال جنوری میں جب خسرے کے خلاف مہم چلائی گئی تھی تو مرغہ کبزئی میں کاشی اور بیانزئی سمیت تین دیہاتوں کے لوگوں نے اپنے بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے ویکسین لگانے سے انکار کیا تھا۔

درایں اثنا ایک اور اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر سیکریٹری صحت نے آواران اور ژوب میں خسرہ کی وبا پر قابو پانے کے لیے ڈاکٹرز اور طبی عملے پر مشتمل ٹیمیں متاثرعلاقوں میں بھجوادی ہے۔