پاناما لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ کا لارجر بینچ سنے گا

- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی سپریم کورٹ نے پاناما لیکس سے متعلق معاملے کی سماعت کے لیے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے جو یکم نومبر سے اس کی سماعت کرے گا۔
لارجر بینچ کی تشکیل کا فیصلہ جمعے کو چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی نے کیا۔
بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الحسن شامل ہیں۔
یہ لارجر بینچ پاکستان تحریکِ انصاف کے علاوہ حزبِ مخالف کی دیگر جماعتوں کی طرف سے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ اس معاملے میں پاکستان کی عدالتِ عظمیٰ نے گذشتہ سماعت پر وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کر کے دو ہفتوں میں جواب طلب کیا ہوا ہے۔
اس سلسلے میں نوٹس کے اجرا کے بعد وزیرِ اعظم پاکستان نواز شریف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ عدالتِ عظمیٰ میں اس معاملے پر کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ وہ آئین کی پاسداری، قانون کی حکمرانی اور مکمل شفافیت پر یقین رکھتے ہیں اور 'عوام کی عدالت تو پے در پے فیصلے صادر کر رہی ہے، بہتر ہوگا کہ عدالت کے فیصلے کا انتظار بھی کر لیا جائے۔'
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس معاملے میں اب تک اپوزیشن کی جانب سے مسلسل منفی رویہ سامنے آ رہا ہے اور حکومت کی نیک نیتی پر مبنی تمام کوششوں کو سبوتاژ کرتے ہوئے شفاف اور بے لاگ تحقیقات کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں ڈالی گئی ہیں۔









