BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 27 November, 2008, 14:44 GMT 19:44 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں


تاج محل ہوٹل
ایک سو پانچ سال پرانا تاج محل ہوٹل ممبئی کی مشہور ترین عمارتوں میں ایک ہے۔ ہوٹل غیر ملکیوں، سیاحوں اور شہر کے امیروں میں مقبول ہے۔ ہوٹل کی عمارت شہر کے ساحل کے قریب واقع ہے۔

بدھ کی شام جیسے ہی لوگ یہاں ڈنر کے لیے بیٹھے بندوق برداروں کے گروہ نے ہوٹل پر دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

اس کے بعد سینکڑوں افراد رات بھر ہوٹل میں چھپے رہے، جبکہ بندوق بردار بھارتی کمانڈوز سے نبرد آزما ہوئے۔ پولیس نے اب تک یہ نہیں بتایا کہ ہوٹل میں کتنے لوگ ہلاک ہوئے ہیں، تاہم کم از کم ایک جاپانی شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے اور ایک ہسپتال میں اس ہوٹل سے لائے گئے نو یورپی افراد کو داخل کرایا گیا۔ ان میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

ایک عینی شاہد کے مطابق تاج محل ہوٹل سے کئی یرغمالیوں کو رہا کرا لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ یہاں پر آپریشن ختم ہوچکا ہے، تاہم بعد میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق ہوٹل سے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں آ رہی تھیں، اور فوجی ایک ایک کرکے ہوٹل کے کمروں کی تلاشی لے رہے تھے۔


اوبرائے۔ٹرائڈنٹ ہوٹل
اوبرائے ہوٹل، شہر کے اہم کمرشل علاقے نریمن پوائنٹ پر واقع ہے۔ نریمن پوائنٹ ممبئی سٹاک ایکسچینج کے قریب ہے۔ ہوٹل پر بدھ کو بھاری ہتھیاروں سے لیس بندوق برداروں نے دھاوا بول دیا اور یہاں موجود لوگوں کو گھیرے میں لے لیا۔ اس وقت ہوٹل میں تین سو اسی افراد موجود تھے۔ آخری اطلاعات ملنے تک ہوٹل میں حملہ آوروں اور سکیورٹی افواج کے درمیان متواتر فائرنگ ہو رہی تھی۔

پولیس کے سربراہ اے این رائے کا کہنا تھا کہ بندوق برداروں نے ہوٹل میں جمعرات کی شام تک لوگوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ بھارتی فوج اور مسلح پولیس محاصرے کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔


چھترپتی شیواجی ٹرمینس
چھترپتی شیواجی ٹرمینس (سی ایس ٹی)، جسے پہلے وکٹوریہ ٹرمینس کے نام سے جانا جاتا تھا، ملک کے سب سے مصروف ریلوے سٹیشنوں میں سے ایک جانا جاتا ہے جہاں سے لاکھوں مسافر روزانہ سفر کرتے ہیں۔

سٹیشن کی تعمیر 1878 میں شروع ہوئی اور یہ دس سال میں مکمل ہوا۔ یہ اپنے وکٹورین فنِ تعمیر کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ سنہ 2004 میں اسے یونیسکو کی ہیرِیٹیج سائٹ قرار دیا گیا۔

ممبئی حملوں میں زیادہ افراد سی ایس ٹی میں ہی ہلاک ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہاں دو حملہ آوروں نے وہاں گاڑیوں کے انتظار میں کھڑے مسافروں پر گولیاں چلانا شروع کر دی تھیں۔


کیفے لیوپولڈ
تاج محل ہوٹل کے قریب واقع کیفے لیوپولڈ ممبئی کا ایک پرانا کیفے ہے جو سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔ کیفے لیوپولڈ سن اٹھارہ سو اکہتر میں کھولا گیا تھا اور فن و ادب میں دلچسپی رکھنے والے لوگوں میں مقبول تھا۔ کیفے کو گریگوری ڈیوڈ رابرٹس کے مشہور ناول شانتارام سے نئی شہرت ملی۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے بدھ کی رات کیفے پر دھاوا بولا اور وہاں موجود لوگوں پر فائرنگ شروع کر دی۔ ایک آسٹریلوی طالب علم نے بتایا کہ وہ اور ان کی گرل فرینڈ وہاں موجود تھے اور فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدوں کے بیانوں سے معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور ’نوجوان لڑکے‘ تھے۔


کاما ہسپتال
کاما اور ایلبلس ہسپتال ایک خیراتی ادارہ ہے جو ایک کاروباری شخص نے سن اٹھارہ سو اسی میں عورتوں اور بچوں کے لیے بنایا تھا۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے بدھ کی شام ہسپتال کو نشانہ بنایا تھا لیکن یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آیا وہاں کوئی جانی نقصان ہوا یا نہیں۔ ہسپتال سے ملنے والی ایک اطلاع کے مطابق چار حملہ آوروں نے ہسپتال کے قریب سے پولیس کی ایک گاڑی اغوا کی اور اس کے اندر سے اس وقت تک فائرنگ کی جب تک ان میں سے دو ہلاک نہیں ہوگئے جبکہ دو کو حکام نے پکڑ لیا۔


چھبد لیوباوِچ سینٹر
یہ نریمن پوائنٹ کے بزنس اور رہائشی علاقے میں واقع ایک یہودی مرکز ہے۔ پولیس نے اس گھر کوگھیرے میں لے لیا جس پر حملہ آوروں نے رات کو قبضہ کیا تھا۔ اس مرکز میں بہت سے یہودی اور اسرائیلی آتے ہیں۔ مرکز کو عبادت اور تعلیم کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ آخری اطلاعات کے مطابق عمارت میں چار حملہ آور موجود تھے اور وہاں پر ایک ربائی، ان کی اہلیہ اور کئی دوسرے لوگ یرغمال تھے۔ وہاں سے فائرنگ کی بھی اطلاعات ملتی رہیں۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد