 |  محمد علی جناح کو39 فیصد قارئین نےووٹ دیے |
جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا رہنما کون ہے؟ یہ عنوان تھا بی بی سی کی ویب سائٹ پر کرائے جانے والے ایک سروے کا جس میں جنوبی ایشیا کی سولہ اہم سیاسی شخصیات کے بارے میں قارئین سےپوچھا گیا کہ ان کی نظر میں کون جنوبی ایشیا کا عظیم ترین لیڈر کہلائے جانے کا مستحق ہے۔ بی بی سی کے تین لاکھ پینتیس ہزار چار سو بائیس قارئین کی جانب سے دیے جانے والے جوابات کے مطابق بانی پاکستان محمد علی جناح 39 فیصد ووٹ لے کر جنوبی ایشیا کے مقبول ترین رہنما قرار پائے۔دوسرے نمبر پر مہاتما گاندھی آئے انہیں 36 فیصد افراد نے ووٹ دیا۔ یہ نتائج مکمل طور رائے عامہ کی عکاسی نہیں کرتے۔  | جنوبی ایشیا کا مقبول ترین لیڈر محمد علی جناح 39 % مہاتما گاندھی 36 % سبھاش چندر بوس 21 % اندرا گاندھی 01 % اٹل بہاری واجپئی 01 % |
جنوبی ایشیا کے عظیم ترین رہنما کے لیے جو فہرست قارئین کو فراہم کی گئی تھی اس میں افغانستان کے شمالی اتحاد کے سربراہ احمد شاہ مسعود، بھارت کے سابق وزیرِاعظم اٹل بہاری واجپئی، سری لنکا کے پہلے منتخب صدر جے آر جے وردھنے، نیپال کے جمہوری طور پر منتخب ہونے والے پہلے وزیرِاعظم بی پی کوئرالہ، سری لنکا کی موجودہ صدر چندریکا کماراٹنگا، بھارت کی خاتون وزیرِاعظم اندرا گاندھی، بھارت کے قومی لیڈر جواہر لعل نہرو، بھارتی آزادی کی تحریک کے اہم کردار اور عدم تشدد کے پیروکار مہاتما گاندھی، پاکستان کے بانی محمد علی جناح، بنگلہ دیش کے خالق شیخ مجیب الرحمٰن، دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم سری لنکا کی مسز بندرا نائیکے، انگریزوں کے خلاف برسر پیکار رہنے والے سبھاش چندر بوس، پاکستان کے پہلے منتخب وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو بنگلہ دیشی مارشل لا ایڈمنسٹریٹر ضیا الرحمٰن ، افغانستان کے آخری بادشاہ ظاہر شاہ اور پاکستان کے فوجی حکمران جنرل ضیا الحق شامل تھے۔ |