بُش کا جاسوسی اداروں کے لیے حکم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ میں حکام نے کہا ہے کہ صدر جارج بُش نے اس بات کے امکان پر غور کرنے کا حکم دیا ہے کہ آیا ملک کے دفاعی ادارے پینٹاگون کو سی آئی اے کی نیم فوجی کارروائیوں کی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔ سی آئی اے اور دفاع، خارجہ اور انصاف کے محکموں کو کہا گیا ہے کہ وہ نوّے دن کے اندر اپنی سفارشات پیش کریں۔ سی آئی اے کے نیم فوجی یونٹ کو انتہائی حساس کارروائیاں کرنے کا اختیار ہے۔ یہ یونٹ افغانستان اور عراق کے خلاف جنگ کے ابتدائی مراحل میں شامل رہا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این پر دفاعی ماہرین کے مطابق سی آئی اے کا نیم فوجی کارروائیوں کا یونٹ اسامہ بِن لادن کی تلاش میں پاکستان میں بھی خفیہ کارروائیاں کر چکا ہے۔ دریں اثناء امریکہ کے وزیر دفاع ڈانلڈ رمزفلڈ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے جاسوسی اداروں میں اصلاحات کے بِل کو روکنے کی کوشش کی ہے۔ نامہ نگاروں کا مطابق پینٹاگون کو صدر بُش کی تجویز کے کچھ پہلو زیادہ پسند نہیں آئے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||