’فلمساز کاقاتل شدت پسندہے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہالینڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ فلمساز تھیو واں گوغ کا مبینہ قاتل شدت پسند ہے اور دہشت گردوں سے روابط رکھتا ہے۔ ہالینڈ کے وزیر انصاف کے مطابق چھبیس سالہ مشتبہ قاتل کے پاس ہالینڈ اور مراکش کی دوہری شہریت ہے اور وہ ’ شدت پسند اسلامی نظریات‘ رکھتا ہے۔ یاد رہے واں گوغ نے اسلامی ثقافت کے بارے میں ایک متنازعہ فلم بنائی تھی۔انہیں گزشتہ منگل کو ایمسٹرڈیم میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق واں گوغ کی موت کے سلسلہ میں انہوں نے آٹھ دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مشتبہ قاتل کے تعلقات ایک دہشت گرد سے ہیں جو کہ ان دنوں زیر حراست ہے اور اسے ہالینڈ میں کئی اہم مقامات کودہشت گردی کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزام کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق واں گوغ کے مشتبہ قاتل کا ڈیڑھ سوافراد کے اس شدت پسند گروہ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں جس کے ارکان پر ملک کے خفیہ اداروں کی نظر ہے۔ پولیس گرفتار کیے جانے والے دوسرے آٹھ افراد سےتفتیش کر رہی ہے کہ آیا ان کا واں گوغ کی موت یا ان کے مبینہ قاتل سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ ان افراد میں سے چھ کا تعلق مراکش سے ہے، ایک کا الـجیریا سے جبکہ آٹھویں کے پاس مراکش اور سپین کی دوہری شہریت ہے۔ ہالینڈ کی حکومت کو خدشہ ہےکہ وان گوف کی موت سے ملک میں نسلی تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔ دوسری طرف واں گوغ کی موت کے سلسلہ میں منگل کوایک تعزیتی اجتماع ہوا جس میں تقریباً بیس ہزار لوگوں نے شرکت کی۔ مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے اس اجتماع میں شرکت کی۔ یاد رہے واں گوغ کو ایمسٹرڈیم میں دن دھاڑے گولی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان پر چاقو سے وار بھی کیے گئے تھے۔ ان کے جسم میں پیوست چاقو کے ساتھ ایک پیغام چھوڑا گیا تھا اور ذرائع ابلاغ کے مطابق اس پیغام میں قرآنی آیات بھی شامل تھیں۔ اس سے قبل واں گوغ کو ان کی’سبمِشن‘ نامی فلم کے منظر عام پر آنے پر قتل کی دھمکیاں دی گئ تھیں۔
اس فلم میں مسلمان معاشروں میں عورتوں پر تشدد کوموضوع بنایا گیا تھا۔ فلم میں ایک اداکارہ نے نہایت باریک لباس پہنا ہوا تھا اور اس کے جسم پر قرآنی آیات لکھی دکھائی گئی تھیں۔ واں گوغ دو سال پہلے قتل کئے جانے والے پم فارچون نامی سیاستدان کے بارے میں بھی فلم بنارہے تھے۔مذکورہ سیاستدان کا تعلق دائیں بازو سے تھا اور وہ ہالینڈ میں غیر ملکی باشندوں کی آمد کے خلاف تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||