مزید بھارتی قیدیوں کی رہائی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نےاعلان کیا ہے کہ وہ 447 بھارتی قیدیوں کوجلد رہا کر دے گا۔ رہائی پانے والے میں 406 بھارتی ماہی گیر ہیں۔ پاکستان اور بھارت دفتر خارجہ کے ترجمان مسعود خان نے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ پاکستان میں قید 406 بھارتی ماہی گیروں اور دیگر اکتالیس قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق انہوں نے بھارتی حکام سے کہا ہے پاکستان کی جیلوں میں قید دیگر ڈیڑھ سو بھارتی قیدیوں کی شہریت کی تصدیق کا کام جلد مکمل کریں تاکہ انہیں بھی رہا کیا جا سکے۔ بھارتی قیدیوں کی رہائی کا عمل سولہ ستمبر تک مکمل کیا جائے گا اور اس ضمن میں پاکستان نے بھارتی سیکریٹری داخلہ کو مطلع بھی کردیا ہے۔ قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات کی سائیڈ لائن پر غیر رسمی ملاقاتوں میں ہوا۔ دریں اثناء پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کے وضوعات پر دو روزہ مذاکرات بدھ کے روز مکمل ہوگئے ہیں۔ دونوں ممالک نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے پر زور دیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیاں تجارت کے فروغ کے لیے بات چیت کا پہلا دور بھی مکمل ہوا ہے اور اس ضمن میں جمعرات کو وفود دوبارہ ملیں گے۔ دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کے متعلق مذاکرات کے بعد جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے آزادانہ اور بے تکلف انداز میں تعمیری اور پرخلوص مقصد کے ساتھ خوشگوار ماحول میں بحث کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے متعلق جاری تعاون اور دونوں ممالک کی اینٹی نارکو ٹکس فورسز کے درمیاں معلومات کے تبادلے کا جائزہ لیا اور اس ضمن میں یاداشت نامے پر کام کرنے پر اتفاق کیا، تاکہ تعاون کو تحریر شکل دی جاسکے۔ دونوں ممالک نے اپنے ہائی کمیشن میں منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے بارے میں تعاون کے لیے رابطے کے سلسلے میں افسران تعینات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ بھارتی سیکریٹری داخلہ نے پاکستان کے وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک نے ان موضوعات پر بحث جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی سربراہی سیکریٹری داخلہ طارق محمود جبکہ بھارتی وفد کی قیادت ان کے ہم منصب دھیرندرا سنگھ نے کی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||