’ضمنی انتخاب فوج کی نگرانی میں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر ارشاد حسن خان نے اٹک اور تھرپارکر کے قومی اسمبلی کے حلقوں میں اٹھارہ اگست کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقعہ پر مسلح افواج کے دستے تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ منگل کے روز ایک اعلان میں بیان میں چیف الیکشن کمشنر ارشاد حسن خان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے حلقہ 59 اور صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر کے حلقہ 229 میں امن امان کو یقینی بنانے کے لیے انہوں نے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نامزد وزیراعظم شوکت عزیز ان دونوں حلقوں سے انتخاب لڑ رہے ہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ انہیں انتحابات کے دروران امن کو یقینی بنانے کے لیے آئین پاکستان کی شق دو سو بیس کے تحت افواج کو تعینات کرنے کے اختیارات حاصل ہیں۔ دونوں حلقوں سے متحدہ حزب اختلاف کی طرف سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے امیدوار سرکاری امیدوار شوکت عزیز کے مد مقابل ہیں جن میں اٹک سے ڈاکٹر سکندر حیات اور تھرپارکر سے ڈاکٹر مہیش ملانی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں حلقوں میں مسلح افواج کی تعیناتی صوبائی اور ضلعی حکومتوں کے انتظامات سے اضافی ہوگی تاکہ ووٹرز کو ووٹ دینے میں کوئی دشواری یا رکاوٹ پیش نہ آسکے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام الرحیم اور اٹک کے ضلعی ناظم طاہر صادق نے مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل مشاہد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شوکت عزیز کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حزب اختلاف کو پولنگ ایجنٹ نہیں مل پا رہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ انہوں نے اراکین پارلیمینٹ کو بطور پولنگ ایجنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے حزب احتلاف کی جانب سے حکومتی وسائل و اختیارات کے استعمال کے الزامات مستر کردیئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے دعویٰ کیا کہ سن دوہزار میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے امیدوار سے تریپن ہزار زائد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اٹھارہ اگست کے ضمنی انتخابات میں شوکت عزیز کو ایک لاکھ ووٹ ملیں گے جبکہ ان کے مخالف امیدوار کو دس ہزار کے قریب ووٹ بھی مشکل سے ملیں گے۔ اس موقعہ پر اٹک کے ناظم نے بھی شوکت عزیز کی بھاری اکثریت سے کامیابی کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں نئے اور پرانے شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||