اسرائیلی فصیل، مذاکرات ناکام | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسرائیل اور یورپی یونین کے درمیان غرب اردن میں تعمیر کی جانے والی فصیل کے تنازعہ سے متعلق اعلٰی سطحی مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی وزیر خارجہ سلون شیلوم اور یورپی یونین میں ان کے ہم منصب حاویار سولانا کے درمیان مذاکرات تل ابیب میں ہوئے۔ یہ مذاکرات اسرائیلی فصیل کی تعمیر کے خلاف بین الاقوامی اشتعال کے پس منظر میں کیے گئے تھے۔ یورپی یونین کے ممالک بھی اس فصیل کے حق میں نہیں ہیں۔ مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں سلون شیلوم نے کہا کہ وہ یورپی یونین سے بے انتہا مایوس ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ آیا اسرائیل بطور مذاکرات کار اب یورپی یونین پر اعتماد کرسکتا ہے یا نہیں۔ دوسری جانب حاویار سولانا نے کہا کہ اسرائیل کو اپنی سکیورٹی ضروریات پوری کرتے ہوئے فلسطینیوں کی انسانی ضروریات کا خیال بھی رکھنا چاہئے۔ اس سے قبل اسرائیل کہہ چکا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قرارداد کے باوجود، جس میں غربِ اردن میں تعمیر کی جانے والی اسرائیلی فصیل کی شدید مخالفت کی گئی تھی، اس فصیل کی تعمیر جاری رہے گی۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ یہ فصیل ان کے علاقوں پر قبضہ کرنے کی ایک کوشش ہے جس کے نتیجے میں ایک آزاد ریاست کے لیے ان کی امیدوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||