سیر بین: ہماری آواز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اہم عالمی واقعات، خبروں، تجزیوں، تبصروں اور خصوصی رپورٹس اور مراسلوں پر مبنی ’سیربین‘ بی بی سی اردو نشریات کی دوسری مجلس میں پیش کیا جاتا ہے۔ شام کی اردو نشریات میں بی بی سی کی مقبول ترین پروگرام ہے۔ پاکستان کے وقت کے مطابق ’سیربین‘ ریڈیو کی نشریات میں رات آٹھ بجے اور بھارت میں ساڑھے آٹھ بجے سنا جاتا ہے۔ جبکہ دنیا میں آپ کہیں پر بھی ہوں اور آپ کو انٹرنیٹ کی سہولت بھی حاصل ہو تو آپ جب چاہیں بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے صفحۂ اوّل پر موجود لنک کے ذریعے ’سیربین‘ سن سکتے ہیں۔ بی بی سی کے تحت اور دیگر آزاد ذرائع سے بھی لئے جانے والے مختلف جائزوں سے معلوم ہوا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا کے ایک عام سے محنت سے لے کر وفاقی وزارتوں کے اعلیٰ ترین افسران تک سب، یہ تسلیم کرتے ہیں کہ حالات حاضرہ کے اسی دلچسپ پروگرام کے ذریعے ان کی معلومات میں بے پناہ اضافہ بھی ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لاہور کی ادبی محفلیں ہوں یا کراچی کی سیاسی بیٹھک، دلی میں ہونے واے مباحثے ہوں یا حیدرآباد دکن کے مضافاتی دور دراز گاؤں، پنجاب کے شہر اوکاڑہ سے بھارتی شہر بنارس تک اور شمالی امریکہ کے ممالک سے مشرق وسطیٰ کی ریاستوں تک، ہر جگہ ہی سیربین میں پیش کی جانے والی خبریں مضامین اور مراسلے انتہائی قابل اعتبار سمجھے جاتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت سے ہمارے نامہ نگاروں کی خبریں، دنیا بھر سے بی بی سی کے صحافیوں کے مراسلے، اہم شخصیات کے انٹرویو، آپ کے خطوط، عام دلچسپی کے موضوعات پر فیچر اور معیشت، کھیل اور حالات حاضرہ پر ہمارے ہفتہ وار سلسلے، سب سیربین میں شامل ہوتے ہیں۔ مختصر پس منظر بی بی سی اردو سروس سے حالات حاضرہ کا یہ سب سے زیادہ سنا جانے والا پروگرام انیس سو اڑسٹھ میں شروع ہوا تھا اور گزشتہ چھتیس برس دنیا بھر میں جہاں بھی بی بی سی کی اردو نشریات سنی جاسکتی ہیں ’سیربین‘ خبروں کے ایک قابل اعتبار ذریعے کے طور پر مقبول ہے۔ ’سیربین‘ جن فریکوینسیز پر سنا جاسکتا ہے ان میں میڈیم ویو 1413 کلوہرٹز، اور شارٹ ویو 6035، 7205، 9510، 11920 کلو ہرٹز یا 25، 31، 41، 49 میٹر بینڈ شامل ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||