سعودی عرب میں القاعدہ کے مبینہ ارکان کی طرف سے ایک بیان میں دھمکی دی گئی ہے کہ امریکی اور دوسری مغربی ائر لائینز کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ’تمام کمپاؤنڈز اور خاص طور پر امریکی اور مغربی اڈوں کو براہ راست نشانہ بنایا جائے گا۔‘ اس بیان میں جو القاعدہ کی ایک حامی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے مسلمانوں کو ان ٹارگٹوں سے دور رہنے کو کہا گیا ہے۔ اس بیان کے مستند ہونے کا تعین نہیں کیا جاسکا لیکن اس کے آخر میں ’سعودی عرب میں القاعدہ‘ کے طور پر دستخط کئے گئے ہیں۔ یہ بیان ایک ایسے وقت پر جاری کیا گیا ہے جب سعودی حکام ان افراد کی تلاش کر رہے ہیں جنہوں نے بی بی سی کی ایک ٹیم پر اتوار کے روز فائرنگ کی جس میں ایک کیمرہ مین ہلاک اور ایک رپورٹر شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ |