وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعرات کو نیم فوجی ملیشیا کی ایک چیک پوسٹ پر القاعدہ کے مشتبہ افراد کے حملے میں ایک ازبک باشندہ اور ایک فوجی ہلاک جبکہ چھ غیرملکی گرفتار کر لیئے گئے ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ یہ لوگ جنوبی وزیرستان میں کسی کارروائی کے لئے جا رہے تھے۔ حکام کے مطابق شمالی وزیرستان میں القاعدہ کے مشتبہ افراد اور سیکورٹی فورسز کے درمیان یہ تازہ جھڑپ جمعرات کی صبح ساڑھے گیارہ بجے میران شاہ رزمک روڈ پر ہوئی۔ قبائلی علاقوں میں سیکورٹی کے انچارج محمود شاہ نے صحافیوں کو پشاور میں بتایا کہ ایک فلائنگ کوچ میں سوار چند افراد میں سے ایک نے ڈمڈیل چیک پوسٹ پر اتر کر فرنٹئر کور ملیشا کے فوجیوں پر دستی بم پھینکا۔ اس بم سے تین سپاہی شدید زخمی ہوگئے جبکہ جوابی فائرنگ سے ترکمنستان سے تعلق رکھنے والا ایک ازبک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے باقی ماندہ ساتھی گولیوں کا تبادلہ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ بعد میں پولیس کا ایک سپاہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اس واقعے کے تھوڑی دیر بعد وقفے وقفے سے دو گاڑیوں کی اسی چیک پوسٹ پر تلاشی کے دوران دو برقعہ پوش ازبک اور چار افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ حفاظتی امور کے نگران محمود شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے یہ لوگ جنوبی وزیرستان میں کسی کارروائی کے لئے اکٹھے ہو رہے تھے۔ ان کے قبائلی جنگجو نیک محمد سے ممکنہ تعلق کے بارے میں محمود شاہ کا کہنا تھا کہ نیک محمد کے ان کے ساتھ تعلقات ضرور ہیں۔ ادھر وانا میں احمدزئی وزیر قبائل نے مقامی انتظامیہ کو جمعہ کے دن سے اعظم ورسک کے علاقے میں القاعدہ کے مشتبہ افراد اور ان کے حامیوں کے خلاف لشکر کشی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ البتہ اس میں نیک محمد کا یارگل خیل قبیلہ شامل نہیں ہوگا۔ اس لشکر کے نتیجہ خیز ہونے پر حکام نے معاشی پابندیاں نرم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ احمدزئی وزیر قبائل کے خلاف معاشی پابندیوں کی تفصیل بتاتے ہوئے محمود شاہ نے کہا کہ اب تک وانا میں تقریبا چھ ہزار اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تین سو دکانیں بند کر دی گئی ہیں جبکہ پچیس گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور جمعرات کو ایک اور قبائلی سردار میر زالم خان کی حراست سے یہ تعداد پچہتر ہوگئی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||