1000 افراد کی ہلاکت کا خدشہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہیٹی کے سیلاب میں 1000 افراد کی ہلاکت کا اندیشہ۔ ایک قصبہ سیلاب کے نتیجے میں اب تک زیرآب ہے۔ ہیٹی کا جنوب مشرقی قصبہ، ماپاؤ ایک جھیل کی شکل اختیار کرگیاہےاور یہاں سے اب تک 300 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ امدادی جماعتیں ان ہزاروں متاثرین کی امداد کے لئے متاثرہ علاقوں میں جارہی ہیں جنہوں نے اس سیلاب کے نتیجے میں اپنے خاندان، گھربار اور مال اسباب گنوا دئیے ہیں اور اب ان کے پاس پینے کا صاف پانی تک نہیں ہے ۔ ڈومینیکن ریپبلک کے ایک قصبے، جیمانی میں وبائی امراض کے پھیلنے کے خدشے کے تحت جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے۔ کریبین جزیرے، ہسپینیولا میں واقع ہیٹی اور ڈومینیکن ریپبلک میں اب تک 900 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ آج اقوام متحدہ کے ہنگامی حالات کے ماہرین کی دو ٹیمیں ہیٹی کے لئے روانہ ہورہی ہیں۔ امدادی کارکن امریکی قیادت میں امن فوج کی مدد سے ماپاؤ اور دیگر متاثرہ قصبوں میں کلورین کی گولیوں اور ابتدائی طبی امداد کے پیکٹوں کی ترسیل کی تیاری کررہے ہیں۔ اب تک تین ہیلی کاپٹر پانی کی صفائی کے لئے کلورین کی گولیوں اور دیگر امدادی سامان کے ساتھ ماپاؤ اور فونڈ ویریتیس کے قصبوں کے لئے روانہ کردئیے گئے ہیں جہاں کہا جارہا ہے کہ اب تک 165 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ڈیوڈ لاپن نے رائٹرز خبر رساں ایجنسی کے نمائندے سے بات کرتے ہوے کہا ”ماپاؤ ایک وادی کے بیچ میں واقع ہے اور اس وقت مکمل طور پر زیرآب ہے۔ ” گرینڈ گوزہیر نامی قصبے سے بھی اب تک 100 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ مسلسل بارش امدادی کام میں رکاوٹ ڈال رہی ہے ہیلی کاپٹروں کے لئے بھی علاقے میں رسائی مشکل ہورہی ہے جہاں لاشوں کی فوری تلاش کا کام اشد ضروری ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||