ایریئل شیرون کو امریکہ کی تنبیہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ نے تنبیہ کی ہے کہ ایریئل شیرون یاسر عرفات کو جسمانی زک نہ پہنچانے کے وعدے کے پابند رہیں۔ یہ تنبیہ وائٹ ہاؤس نے اسرائیلی وزیرِ اعظم ایرئیل شیرون کے اس بیان کے بعد جاری کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ اب فلسطینی رہنما یاسر عرفات کو جسمانی نقصان نہ پہنچانے کے پابند نہیں رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ تین سال قبل امریکہ کے ساتھ کئےگئے اس وعدے کو مزید نہیں نبھائیں گے۔ ایک اسرائیلی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نےکہا کہ انھوں نے صدر بش کو تین سال قبل اس بات کی ضمانت دی تھی کہ فلسطینی رہنما یاسر عرفات کو کسی قسم کا جسمانی نقصان نہیں پہچایا جائےگا۔ شیرون نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے صدر بش کو اپنے ارادوں سے آگاہ کردیا تھا تاہم وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ امریکہ نے ماضی میں اسرائیلی وزیر اعظم کو واضح طور پر بتادیا تھا کہ وہ یاسر عرفات کے خلاف کسی بھی قسم کی تشدد آمیز کارروائی کی مخالفت کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بات پر اب بھی زور دیا گیا ہے۔ یاسر عرفات خود یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایریئل شیرون کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے تاہم یروشلم میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ رملاح میں یاسر عرفات کے صدر دفتر میں خاصی بے چینی پائی جاتی ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران فلسطین کے دو بڑے رہنما شیخ احمد یاسین اور عبدالعزیز رنتیسی کی ہلاکتوں کے بعد، فلسطینی حکام نے یاسر عرفات کی حفاظت کے بارے میں کافی تشویش ظاہر کی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||